08/10/2026
آٹھ اکتوبر 2005 — وہ قیامت خیز دن
آٹھ اکتوبر 2005ء… ہزارہ کی تاریخ کا وہ دن جسے یاد کرتے ہوئے آج بھی دل دہل جاتا ہے۔ ایک ایسا قیامت خیز زلزلہ آیا کہ لمحوں میں بستیاں اجڑ گئیں، گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے اور ہزاروں انسان ہمیشہ کے لیے اپنے پیاروں سے بچھڑ گئے۔
کسی ماں کی گود اجڑ گئی، کسی بچے کے سر سے ماں باپ کا سایہ اٹھ گیا، کسی بہن کا بھائی اور کسی بھائی کی بہن دنیا سے رخصت ہوگئی۔ کئی گھرانے ایسے تھے جنہیں اپنے پیاروں کی خبر تک نہ ہو سکی؛ کسی کو اپنے عزیز کی لاش ملی تو کفن و دفن کے لیے کوئی باقی نہ تھا، اور کسی کے پیارے کا آخری نشان بھی نہ مل سکا۔ وہ چند لمحے نہیں، ایک ایسی آزمائش تھی جس نے نسلوں کے دلوں پر اپنے نشان چھوڑ دیے۔
ہر طرف آہ و بکا، ملبہ، بے بسی اور اپنے پیاروں کو تلاش کرتی نگاہیں تھیں۔ اگر اسے قیامتِ صغریٰ کی ایک جھلک کہا جائے تو شاید بے جا نہ ہوگا۔
آج اس سانحے کو 21برس بیت چکے ہیں، مگر آٹھ اکتوبر کی یاد آج بھی دلوں کو غمگین کر دیتی ہے۔
اے اللہ کریم! جن لوگوں نے اس سانحے میں اپنی جانیں گنوائیں، ان کی مغفرت فرما، ان کے درجات بلند فرما، ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرما، اور ہمیں ہر قسم کی آفت، آزمائش اور عذاب سے اپنی حفظ و امان میں رکھ۔