11/02/2026
بخدمت جناب
اسسٹنٹ کمشنر صاحب
تحصیل ظفروال، ضلع نارووال
موضوع: موضع جرپال سلہریاں میں سرکاری اراضی، سرکاری پرائمری اسکول اور گاؤں کے سرکاری تالاب (چھپڑ) پر مبینہ قبضہ کے خاتمہ اور نکاسی آب کے فوری انتظام کے متعلق درخواست۔
جناب عالی!
باادب گزارش ہے کہ موضع جرپال سلہریاں، تحصیل ظفروال میں تقریباً 11 کنال اور چند مرلہ سرکاری اراضی پر مبینہ طور پر ناجائز قبضہ کیا جا چکا ہے۔
مزید برآں گاؤں کے سرکاری پرائمری اسکول کی زمین پر بھی مبینہ طور پر قبضہ کر لیا گیا ہے، جو کہ سرکاری تعلیمی ادارے کی ملکیت ہے اور مفادِ عامہ کے استعمال میں ہونی چاہیے تھی۔
اسی طرح گاؤں کے سرکاری تالاب (چھپڑ) پر بھی مبینہ طور پر قبضہ کر لیا گیا ہے۔ مذکورہ تالاب پورے گاؤں کے لیے بارشی اور استعمال شدہ پانی کی نکاسی کا بنیادی ذریعہ تھا اور اہلِ دیہہ اس سے مستفید ہوتے رہے ہیں۔ تالاب پر قبضہ کے باعث نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر متاثر ہو چکا ہے۔
حالیہ بارشوں کے دوران بارشی پانی گاؤں کی جامع مسجد کے مرکزی دروازے کے اندر تک داخل ہو گیا، جس سے نمازیوں اور مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ مزید جانی و مالی نقصان کا خدشہ موجود ہے۔
موجودہ ایم پی اے جناب چوہدری احمد اقبال صاحب نے موقع کا دورہ کر کے صورتحال کا مشاہدہ کیا تھا، جس سے مسئلہ کی سنگینی واضح ہوتی تھی۔ مگر ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔
لہٰذا گزارش ہے کہ:
مذکورہ سرکاری اراضی، سرکاری پرائمری اسکول اور گاؤں کے تالاب (چھپڑ) کا فوری ریکارڈ چیک اور موقع پر پیمائش کروائی جائے۔
ناجائز قابضین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے سرکاری املاک فوری واگزار کروائی جائیں۔
گاؤں میں نکاسی آب کا مستقل اور مؤثر نظام قائم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
امید ہے کہ مفادِ عامہ کے پیش نظر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
والسلام
درخواست گزاران:
اہلِ علم گاؤں جرپال سلہریاں
خصوصی الخدمت گروپ جرپال