04/09/2026
پریس ریلیز
پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کے وفد کی وزیرِ محنت سندھ سعید غنی سے اہم ملاقات
کراچی: پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن (PTUF) کے ایک وفد نے جناب عبدالغنی کلہوڑو، جنرل سیکریٹری PTUF کی قیادت میں محترم وزیرِ محنت سندھ جناب سعید غنی سے اہم ملاقات کی، جس میں ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ سے متعلق مزدوروں کے اہم مسائل اور فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ محنت سندھ سے ملاقات سے قبل PTUF کے وفد نے سیکریٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں مختلف اہم مسائل ان کے سامنے رکھے گئے۔ سیکریٹری نے وفد کو بتایا کہ بعض معاملات ان کے اختیار میں نہیں ہیں اور ان مسائل کے حل کے لیے محترم وزیرِ محنت سندھ سے ملاقات کرکے انہیں آگاہ کیا جائے۔
چنانچہ وفد نے وزیرِ محنت سندھ جناب سعید غنی کے سامنے بالخصوص ورکرز ویلفیئر بورڈ اسکول کی زیرِ تعمیر عمارت اور لیبر کالونیوں میں ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا معاملہ اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ رکے ہوئے کام جلد از جلد شروع کرائے جائیں۔
اس موقع پر وزیرِ محنت سندھ نے وفد کو بتایا کہ مذکورہ تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور کرپشن کی شکایات کے باعث کام رکوایا گیا تھا اور معاملہ اس وقت قومی احتساب بیورو (NAB) کے پاس زیرِ کارروائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ NAB کی کارروائی جاری ہونے کے باعث محکمہ فی الحال ان معاملات میں براہِ راست کوئی قدم اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
تاہم، وزیرِ محنت سندھ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ اسکول کی تعمیر کا کام جلد از جلد دوبارہ شروع کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ مزدوروں اور ان کے بچوں کو تعلیمی سہولت سے مزید محروم نہ رہنا پڑے۔
PTUF کے وفد نے اس بات پر زور دیا کہ مزدوروں اور ان کے بچوں کے لیے معیاری تعلیمی سہولیات اور لیبر کالونیوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی ورکرز ویلفیئر بورڈ کی بنیادی ذمہ داری ہے، لہٰذا تمام قانونی و انتظامی طریقہ کار مکمل کرتے ہوئے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
وفد نے وزیرِ محنت سندھ کے مثبت ردِعمل اور یقین دہانی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسکول کی تعمیر کا کام جلد دوبارہ شروع ہوگا اور مزدوروں کے دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
جاری کردہ:
موزمل اویس قاضی
ترجمان و صدر
پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن (PTUF)
سکھر ڈویژن