15/04/2026
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر مادھوپور، کھرمنگ میں پیش آنے والا یہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش واقعہ ہر دل کو غمگین کر گیا۔ محلہ کے عین وسط میں ایک رہائشی مکان میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کر گئی اور تیز ہواؤں اور گھروں کی قربت کے باعث چند لمحوں میں ہی اردگرد کے مزید پانچ گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے کر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگٸے۔
اس سانحہ کے نتیجے میں کئی خاندان نہ صرف بے گھر ہو گئے بلکہ ان کا قیمتی سامان، ضروری اشیاء اور زندگی بھر کی یادیں بھی راکھ کا ڈھیر بن گئیں، جو یقیناً ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ یہ لمحہ متاثرین کے لیے ایک بڑی آزمائش ہے، جس کا دکھ الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔
تاہم، اس کٹھن وقت میں اہلِ علاقہ کی جانب سے جس اتحاد، ہمدردی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا گیا، وہ قابلِ فخر اور قابلِ تقلید ہے۔ طولتی، کمنگو، عظیم آباد، ہلال آباد، گوہری، منٹھوکھا، آخونپہ، غاسینگ، مہدی آباد اور سرمیک سے آنے والے نوجوانوں، معزز عمائدین، مقامی سرکردگان، میڈیا نمائندگان، ضلعی انتظامیہ، فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122، محکمہ پولیس، محکمہ صحت اور پائپ لائن کے ملازمین نے بروقت پہنچ کر آگ بجھانے اور متاثرین کی مدد میں بھرپور کردار ادا کیا۔
اسی طرح فلاحی اداروں، خصوصاً اصغریہ ویلفیئر سوسائٹی طولتی (جی ایم قلبی و ٹیم)، الخدمت، آخوندیان فاؤنڈیشن، کمنگو ویلفیئر ٹرسٹ اور شاربہ فاؤنڈیشن کی فوری امدادی کاوشیں بھی نہایت قابلِ ستائش ہیں، جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کا سہارا بن کر انسانیت کی بہترین مثال قائم کی۔
ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ تمام متاثرہ خاندانوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے، ان کے نقصانات کا بہترین نعم البدل عطا کرے اور آئندہ ہمیں ایسے سانحات سے اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آمین ثمہ آمین ۔
منجانب: ہمدرد سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن مادھوپور، کھرمنگ
Hamdard Social Welfare Organization Madhupur Kharmang Reg