04/10/2025
بلتورو گلیشیئر، جو دنیا کا دوسرا سب سے بڑا غیر قطبی (نان پولر) گلیشیئر ہے، تیزی سے پگھل رہا ہے جو ایک سنگین خطرہ ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ سینٹرل قراقرم نیشنل پارک (CKNP) اس قیمتی قدرتی خزانے کی حفاظت میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ صفائی اور کچرا تلف کرنے کے نام پر ہر سیاح سے سینکڑوں ڈالر وصول کیے جاتے ہیں، لیکن اس کے باوجود گلیشیئر کے راستے پر کوئی مؤثر صفائی نہیں کی جاتی۔اسکو لی سے لے کر بیس کیمپس تک جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں، جو CKNP کی غفلت اور ناقص کارکردگی کو ظاہر کرتے ہیں۔
مزید افسوسناک بات یہ ہے کہ CKNP مقامی پورٹرز (باربرداروں) کا کھلم کھلا استحصال کر رہا ہے۔ ان کی مزدوری میں غیر قانونی طور پر 50 فیصد تک کمی کی جا رہی ہے، جو حکومت کی پالیسی کی صریح خلاف ورزی ہے۔ یہ ظلم اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کیا جانا چاہیے، CKNP کو اپنے غیر ذمہ دارانہ رویے اور بدعنوانی کا حساب دینا ہوگا۔
2012 میں قیام کے بعد سے CKNP سیاحوں سے صفائی اور مقامی فلاح و بہبود کے نام پر بھاری رقوم وصول کر رہا ہے، مگر 2024 تک مقامی آبادی کو ان فنڈز میں سے ان کا جائز حصہ نہیں دیا گیا ۔ ان کے نمائندے عوام کے سامنے جھوٹ بول کر حقیقت کو چھپا رہے ہیں۔
سی کے این پی نے آج تک مقامی برادری سے کسی قسم کا مشورہ یا اتفاق رائے حاصل نہیں کیا۔ بلکہ یہ چند ایسے افراد کے مشورے پر فیصلے کرتا ہے جو اصل کمیونٹی کی نمائندگی نہیں کرتے اور صرف ذاتی مفاد کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
اگر ضلعی انتظامیہ نے ان بدعنوان اور استحصالی عناصر کے خلاف فوری کارروائی نہ کی، تو ہم سمجھیں گے کہ انتظامیہ خود بھی اس کرپشن اور ظلم میں شریک ہے۔