07/06/2026
، عالمی مبلغِ اسلام، عزت مآب قبلہ حضرت خواجہ محمد عامر فرید کوریجہ صاحب ، سجادہ نشین آستانہ عالیہ خواجہ غلام فرید کوٹ مٹھن شریف سے غلامانِ پیر سیال لجپال اور شمس و قمر فاؤنڈیشن یونٹ لاہور کے عہدیداران کی ملاقات
فرید پیلس 2 لاہور میں غلامانِ پیر سیال لجپال اور شمس و قمر فاؤنڈیشن یونٹ لاہور کے عہدیداران نے حضور سیدی و سندی، عالمی مبلغِ اسلام، عزت مآب قبلہ حضرت خواجہ محمد عامر فرید کوریجہ صاحب ، سجادہ نشین آستانہ عالیہ خواجہ غلام فرید کوٹ مٹھن شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ولی عہد حضرت خواجہ غلام فریدؒ، حضرت خواجہ عزیز عامر کوریجہ صاحب بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران حضرت خواجہ محمد عامر فرید کوریجہ صاحب نے حضور شیخ الاسلام والمسلمین غریب نواز کی ساداتِ کرام، مشائخِ عظام، اپنے مرشد کریم اور پیر خانے سے والہانہ محبت و عقیدت کو بے مثال قرار دیا۔ انہوں نے فرمایا کہ حضور شیخ الاسلام والمسلمین فنا فی اللہ، فنا فی الرسول ﷺ اور فنا فی الشیخ تھے۔
محترم کوریجہ صاحب نے مزید فرمایا کہ حضور شیخ الاسلام والمسلمین نے تحریکِ پاکستان میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے ساتھ مل کر پاکستان کے قیام میں جو تاریخی اور کلیدی کردار ادا کیا، وہ اپنی مثال آپ ہے۔
انہوں نے یاد کرتے ہوئے فرمایا کہ جب حضور امیر شریعت غریب نواز کا ظاہری وصال ہوا تو وہ حضرت دیوان حامد مسعود صاحب، اولادِ پاک حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے ہمراہ سیال شریف حاضری کے لیے گئے۔ مزارات شریف سے حاضری کے بعد حضور ضیائے چشت غریب نواز خواجہ محمد ضیاء الحق سیالوی کی خدمت میں حاضر ہوئے۔
انہوں نے درسگاہِ معلیٰ سیال شریف کو تمام سلاسل میں منفرد مقام کا حامل قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ یہ مرکز ادب، محبت اور عشقِ رسول ﷺ کی ممتاز شناخت رکھتا ہے، جہاں سے دینِ اسلام کی شمعیں روشن ہوتی ہیں اور قیامت تک روشن ہوتی رہیں گی۔ یہاں ہر کام اتباعِ رسول ﷺ اور سنتِ مصطفیٰ ﷺ کے مطابق انجام دیا جاتا ہے۔
شمس و قمر فاؤنڈیشن یونٹ لاہور کے میڈیا کوآرڈینیٹر سرفراز علی سیالوی نے بتایا کہ حضور امیر شریعت غریب نواز نے دینِ اسلام کی خدمت کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی حیاتِ مبارکہ میں شمس و قمر فاؤنڈیشن آستانہ عالیہ مقدسہ سیال شریف کے قیام کا اعلان فرمایا اور اپنے چھوٹے صاحبزادے حضرت صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی صاحب کو اس کا چیئرمین مقرر فرمایا، جو آج بطور چیئرمین اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں یونین کونسل، تحصیل اور ضلعی سطح پر فاؤنڈیشن کے یونٹس 24 گھنٹے دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔
سرفراز علی سیالوی نے شمس و قمر فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد تفصیل سے پیش کیے، جس پر محترم حضرت محمد عامر فرید کوریجہ صاحب نے انسانیت کی خدمت کے اس جذبے کو بے حد سراہا اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں فرمائیں۔
سرفراز علی سیالوی نے مزید بتایا کہ چیئرمین شمس و قمر فاؤنڈیشن جناب محمد قاسم سیالوی صاحب کی واضح ہدایات ہیں کہ بلا تفریق ہر انسان کی عزتِ نفس کا احترام کیا جائے اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دیا جائے۔
اختتام پر محترم کوریجہ صاحب نے تمام ممبران کو سالانہ عرسِ پاک حضرت خواجہ غلام فرید کوٹ مٹھن شریف میں شرکت کی دعوت دی۔
ملاقات میں جن شخصیات نے شرکت کی، ان میں محمد قاسم سیالوی، ملک محمد عاطف رضا سیالوی اور حبیب سلطان سیالوی شامل تھے۔
آخر میں مملکتِ خداداد پاکستان، امتِ مسلمہ اور انسانیت کی بھلائی، ترقی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
سرفراز علی سیالوی
میڈیا کوآرڈینیٹر، شمس و قمر فاؤنڈیشن یونٹ لاہور