28/05/2026
عید صرف ایک تہوار نہیں بلکہ محبت، ہمدردی اور خوشیاں بانٹنے کا حسین ذریعہ ہے۔ یہ وہ موقع ہے جب انسانی اقدار اور احساسات کو مدِنظر رکھتے ہوئے معاشرے کے اُن طبقات کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کیا جاتا ہے جن کی زندگیاں مشکلات اور مسلسل جدوجہد سے بھرپور ہیں۔
عیدالاضحیٰ کے اس بابرکت موقع پر سوشل ویلفیئر سوسائٹی اور بلڈ نیٹ ورک پاکستان (کوٹ ادو ٹیم) کی جانب سے مشترکہ طور پر کوٹ ادو میں دریائے سندھ تونسہ بیراج کے پانڈ ایریا میں رہنے والی کمیونٹی جو عموماً بانڈڈ لیبر کے طور پر کام کرتی ہے، کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹنے کے لیے قربانی کا گوشت اور بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر تھیلیسیمیا سے لڑتی ننھی جانوں کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا گیا۔
اس سرگرمی کا مقصد اس کمیونٹی تک عید کی خوشیاں اور ممکنہ مدد پہنچانا تھا، جو شدید گرمی اور محدود وسائل کے ساتھ کشتیوں میں زندگی گزارتے ہیں، جہاں سے شہروں تک رسائی بھی نہایت دشوار ہے۔
اس موقع پر بچوں میں تحائف کی تقسیم نے خوشی کا سماں پیدا کر دیا اور ان کی مسکراہٹیں اس بات کا ثبوت تھیں کہ چھوٹی چھوٹی خوشیاں بھی کسی کی عید کو یادگار بنا سکتی ہیں۔ سوشل ویلفیئر سوسائٹی اور بلڈ نیٹ ورک پاکستان مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اقدامات کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کے عزم پر قائم ہیں۔