30/05/2026
Dated: 29/05/2026
خان پور (ایف ڈی ایس رپورٹ) فلاح دارین سوسائٹی رجسٹرڈ خان پور ضلع رحیم یارخان کے زیر اہتمام فیلڈ آفس چک 45 پی میں مقامی علماء کرام کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر اور ہر فرقے سے تعلق رکھنے والے مقامی علماء کرام نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد باہمی اتحاد، دینی و سماجی ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت کے جاری منصوبوں سے علماء کرام کو آگاہ کرنا تھا۔
اس موقع پر فلاح دارین سوسائٹی کے صدر میاں آصف علی اکرم نے ادارے کی جانب سے جاری فلاحِ انسانیت کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی اصل عبادت ہے اور فلاح دارین سوسائٹی بلا رنگ و نسل مستحق افراد کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔
تقریب سے بات کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبیدالرحمن نے ادارے کے زیر اہتمام مستحق اور لاوارث میتوں کے لیے جاری کفن سروس کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ قرآن پاک کے مقدس اوراق اور قرآنی آیات کے احترام و تحفظ کے لیے مختلف یونین کونسلز میں قرآنی بکس نصب کیے گئے ہیں تاکہ مقدس اوراق کی بے حرمتی سے بچایا جا سکے۔ مزید برآں مختلف مساجد اور مدارس میں دینی علوم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے لیے قرآنی سپارے اور پارے رکھنے والی ریلز کی ضرورت پر ادارے کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔
علماء کرام نے فلاح دارین سوسائٹی کی انسانیت دوست خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام انسانیت کی خدمت، بھلائی اور آسانی پیدا کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیت "وَمَنْ أَحْيَاهَا فَكَأَنَّمَا أَحْيَا النَّاسَ جَمِيعًا" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو زندگی بخشی۔
علماء کرام نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت، لاوارث افراد کی مدد اور قرآن پاک کے تقدس کے تحفظ جیسے اقدامات صدقۂ جاریہ ہیں، جن پر فلاح دارین سوسائٹی مبارکباد کی مستحق ہے۔
تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، اتحادِ امت، انسانیت کی خدمت اور فلاح دارین سوسائٹی کے فلاحی منصوبوں کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔