14/04/2025
پریس ریلیز : پشاور
14 اپریل 2025
چترال ویلفیئر فورم کے زیر اہتمام چترال سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ سرکاری افسران اور ملازمین کے اعزاز میں پشاور کے ایک نجی ہوٹل میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت چترال سے تعلق رکھنے والے ممتاز ماہر تعلیم پروفیسرریٹائرڈ اسماعیل ولی اخگر نے کی۔ چترال سے تعلق رکھنے والے حال ہی میں ریٹائرڈ ہونے والے سرکاری افسران کے علاوہ حاضر سروس افسران اور ملازمین کے علاوہ دیگر سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریٹائرڈ ہونے والے ان افسران میں نظام الدین، پروفیسر اسماعیل ولی افگر، محمد اکبر خان، شرافت ربانی، صلاح الدین، شمس الرحمن، ناصر امان، میر اکبر خان، شہر بہادر، سراج الدین اور دیگر شامل ہیں۔ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد چترال اور چترال کے لوگوں کے لئے سبکدوش ہونے والے ان افسران کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا اور حاضر سروس افسران کو ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے پسماندہ علاقے اور وہاں کے لوگوں کی خدمت کرنے کی ترغیب دینا تھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مخلتف مقررین نے فردا فردا سبکدوش ہونے والے ان افسران کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور ان علاقے کے لئے ان کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے دروان ملازمت ان افسران کی دیانتداری، فرض شناسی، لگن، راستبازی، جذبہ خدمت خلق، وطن اور علاقے سے محبت جیسی خصوصیات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ان افسران نے جہاں اور جس حیثیت میں بھی خدمات انجام دی ہیں وہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، چترال کی مخصوص ثقافت اور اعلی اخلاقی و سماجی اقدار کی نہ صرف ترجمانی کی ہے بلکہ اس کا عملی نمونہ بھی پیش کیا ہے اور شرافت، دیانتداری اور حسن اخلاق کے ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ بحیثیت سول سرونٹس ان افسران کا کئرئیر حاضر سروس افسران کے لئے ایک مشعل راہ اور قابل تقلید عمل ہے۔ انہوں نے حاضر سروس افسران اور سرکاری ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بھی سبکدوش ہونے والے افسران کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے وطن، علاقے اور دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں اور اخلاقی و سماجی لحاظ سے اپنی مخصوص شناخت کو برقرار رکھیں جو بحیثیت چترالی ہمارا اثاثہ ہے۔ مقررین نے اس تقریب کے انعقاد کو ایک اچھی روایت اور شروعات قرار دیتے ہوئے اس سلسلے کو آئیندہ بھی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سبکدوش ہونے والے افسران نے اس موقع اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اعزاز میں اس پر وقار تقریب کے انعقاد پر چترال ویلفیئر فورم کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے تجربات، مشاہدات اور دوران ملازمت کے نشیب و فراز سے حاضرین کو آگاہ کرتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ سرکاری ملازمت میں ایک شاندار سفر کے لئے دیانتداری، پاکبازی، امانت داری اور خدمت کے جذبے سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں اور سرکاری ملازمت کے دوران جو لوگ ان اصولوں پر عمل کرتے ہیں وہ دوران ملازمت بھی اور سبکدوش ہونے کے بعد بھی انتہائی عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں جو انسان کے لئے سب سے بڑا اثاثہ ہوتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر سبکدوش ہونے والے ان افسران کو تحفے تحائف پیش کئے گئے اور ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
*******