22/09/2026
لاہور چیمبر انتخابات: پیاف میاں شفقت گروپ کا انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں پر شدید احتجاج
لاہور:
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے سلسلے میں پیاف میاں شفقت گروپ کی جانب سے آج ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں گروپ کے قائدین نے انتخابی عمل کے دوران پیش آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں، تاخیر اور گروپ کے امیدواروں کے ساتھ مبینہ ناانصافی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
پریس کانفرنس میں قائدین نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخاب سے محض ایک روز قبل، آج دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے پیاف میاں شفقت گروپ کے 15 امیدواروں کو 31 سے 45 تک انتخابی نمبر الاٹ کیے گئے، جس کے باعث گروپ کو انتخابی مہم کے لیے انتہائی محدود وقت ملا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انتخابی نمبر مقرر ہونے میں تاخیر کے باعث پیاف میاں شفقت گروپ کو وہ وقت نہیں مل سکا جس میں وہ اپنے امیدواروں، انتخابی نمبرز اور پینل کو مؤثر انداز میں ووٹرز تک متعارف کرا سکتا۔ ان کے مطابق یہ صورتحال انتخابی عمل کی شفافیت، مساوی مواقع اور تمام امیدواروں کو یکساں انتخابی ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے سنجیدہ سوالات پیدا کرتی ہے۔
پیاف میاں شفقت گروپ کے قائدین نے ڈی جی ٹی او، لاہور چیمبر الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل میں متعلقہ ذمہ داران سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور بتایا جائے کہ انتخابی نمبرز کی الاٹمنٹ میں تاخیر کی وجوہات کیا تھیں اور تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔
اس موقع پر پیاف کے پیٹرن اِن چیف انجینئر سہیل لشاری، چیئرمین سید محمود غزنوی، بانی پیاف میاں شفقت علی، سینئر وائس چیئرمین خواجہ کاشف الٰہی اور وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے اپنے شدید احتجاج کا اظہار کیا۔
قائدین نے کہا کہ پیاف میاں شفقت گروپ نے انتخابی عمل میں ہمیشہ جمہوری، شفاف اور کاروباری برادری کے مفادات پر مبنی سیاست کو ترجیح دی ہے۔ ان کے مطابق لاہور چیمبر کا انتخاب ایک کاروباری ادارے کا انتخاب ہے، اس لیے تمام امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے اور اپنا منشور ووٹرز تک پہنچانے کے لیے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ انتخابات سے صرف ایک روز قبل انتخابی نمبرز کی الاٹمنٹ ایک ایسا معاملہ ہے جس کی وضاحت ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابی عمل سے متعلق تمام فیصلوں اور کارروائیوں کو شفاف انداز میں سامنے لایا جائے تاکہ کسی بھی امیدوار یا ووٹر کے ذہن میں شکوک و شبہات باقی نہ رہیں۔
پیاف میاں شفقت گروپ کے قائدین نے میڈیا اور خصوصاً لاہور چیمبر سے متعلق کوریج کرنے والے صحافیوں اور رپورٹرز سے بھی اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو اجاگر کریں، گروپ کا مؤقف براہِ راست سنیں اور لاہور چیمبر آ کر پوڈکاسٹ، انٹرویوز اور سوال و جواب کے ذریعے انتخابی عمل سے متعلق حقائق عوام اور کاروباری برادری کے سامنے لائیں۔
قائدین نے کہا کہ ان کا مقصد کسی ادارے یا فرد پر حتمی الزام عائد کرنا نہیں بلکہ انتخابی عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی، وضاحت اور شفافیت کا مطالبہ کرنا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیاف میاں شفقت گروپ کاروباری برادری کے حقوق، آزادانہ انتخابی ماحول اور لاہور چیمبر کے وقار کے لیے اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرتا رہے گا۔