20/05/2026
سیالکوٹ میں پہلی مرتبہ مسیحی مسلم مشترکہ افطار تقریب
زیر اہتمام: دی ہیومن لائبریری ڈسکہ
ڈسکہ (سیالکوٹ): بین المذاہب رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سیالکوٹ میں پہلی مرتبہ مسیحی اور مسلم برادری کی مشترکہ افطار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروقار تقریب نکس آڈیٹوریم، ماڈل ٹاؤن ڈسکہ میں منعقد ہوئی، جس کی سرپرستی مفتی احسان احمد حسینی اور پروفیسر سلطان ڈھلو نے کی۔
تقریب میں بشپ شکیل بھٹی، سجاد کشور، مبشر سجاد مسیح، عمران سہوترا و دیگر معزز پادری صاحبان نے شرکت کی۔ مسلم مذہبی و سماجی راہنماؤں میں مولانا طیب خان ثاقب، مولانا یامین ندیم، مولانا عامر القادری، پیر سید مدثر امین شاہ بخاری، مخدوم سید زین عباس نقوی، میاں فہد مختار، حسیب بٹ، ظہیر عباس بھٹی ایڈووکیٹ اور ارتاش ریاض بھی شریک ہوئے۔
تقریب کا ماحول اخوت، احترام اور مثبت مکالمے کی روح سے معمور رہا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان باہمی اعتماد اور عملی تعاون ہی پُرامن معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اجتماعات غلط فہمیوں کے ازالے اور دلوں کو قریب لانے کا مؤثر ذریعہ بنتے ہیں۔
# جھلکیاں
* انجیلِ مقدس اور قرآنِ کریم کی تلاوت سے روح پرور آغاز
* بین المذاہب مکالمہ اور سوال و جواب کی نشست
* امن، برداشت اور مشترکہ سماجی ذمہ داریوں پر گفتگو
* نوجوانوں کی بھرپور شرکت اور یکجہتی کا اظہار
* مسیحی و مسلم شرکاء کا مشترکہ افطار اور باہمی دعا
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے مل بیٹھ کر افطار کیا، جس نے بھائی چارے اور اتحاد کی عملی تصویر پیش کی۔ ڈاکٹر ثاقب ڈین نے اس اقدام کو ڈسکہ اور ضلع سیالکوٹ میں بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
منتظمین کے مطابق مستقبل میں بھی اس نوعیت کی بامقصد سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ معاشرے میں محبت، مکالمہ اور باہمی احترام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
جاری کردہ از:
میڈیا سیل
دی ہیومن لائبریری ڈسکہ