19/08/2026
قصور: دکانداروں کے پیسے ہڑپنے کے لیے 3 لاکھ سے زائد کی جھوٹی ڈکیتی کا ڈرامہ، دودھ فروش گرفتار
قصور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والے ایک دودھ فروش کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق صدر دیوان روڈ سے تعلق رکھنے والے ملزم عثمان نے دولے والا کے قریب ایک راہگیر سے موبائل فون مانگ کر 15 پر کال کی اور دعویٰ کیا کہ نامعلوم افراد نے اس سے 3 لاکھ 25 ہزار روپے چھین لیے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او محمد اشفاق کی قیادت میں تھانہ صدر پولیس نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کیا۔
دورانِ تفتیش پولیس ٹیم کو کالر عثمان کی باتوں اور رویے پر شک گزرا۔ جب اس سے حکمتِ عملی کے ساتھ پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے اعتراف کر لیا کہ اس نے دکانداروں کی رقم کی ادائیگی سے بچنے اور ان کے پیسے ہضم کرنے کے لیے یہ سارا ڈرامہ رچایا تھا۔
ملزم نے واردات کا جھوٹا تاثر دینے کے لیے اپنا اصل پرس اور موبائل فون زمین میں گڑھا کھود کر چھپا دیا تھا۔
پولیس نے ملزم عثمان کی نشان دہی پر زمین میں دبایا گیا پرس اور موبائل فون برآمد کر لیا ہے۔ ملزم کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی جاری ہے۔