05/07/2026
https://www.facebook.com/share/p/18ye1Scn1A/
مذمتی بیان
نوے ژوند ادبی، ثقافتی و فلاحی تنظیم اسلام آباد کی جانب سے ژوب کے المناک بس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار اور غیر معیاری بسوں و غیر ذمہ دار ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ
کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس کے ضلع شیرانی کے پہاڑی علاقے دہانہ سر میں المناک حادثے کا شکار ہونے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی خبر نے پوری قوم کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس دل خراش حادثے میں درجنوں افراد، جن میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں، اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد زخمی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
نوے ژوند ادبی، ثقافتی اور فلاحی تنظیم اسلام آباد اس افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتی ہے اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت پیش کرتی ہے۔ ہم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔ زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کے لیے بھی دعا کی جاتی ہے۔
تنظیم کے چیئرمین نسیم مندوخیل نے اس سانحے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ وقت سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ تا پشاور اور کوئٹہ تا اسلام آباد روٹس پر چلنے والی بسوں کے معیار کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ غیر معیاری گاڑیوں، نااہل اور غیر تربیت یافتہ ڈرائیوروں، اور لاپرواہ ڈرائیونگ کے باعث آئے روز قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
خصوصاً کوئٹہ تا ژوب کے خطرناک راستے پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد، باقاعدہ ضابطۂ اخلاق کی تشکیل، اور ٹریفک پولیس کی مؤثر تعیناتی ناگزیر ہو چکی ہے۔ ایسے تمام ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جن کے پاس مستند ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں یا جو غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے مرتکب ہوتے ہیں۔ اسی طرح غیر معیاری اور فٹنس سرٹیفکیٹ سے محروم گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔
یہ سانحہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو ایسے المناک واقعات کا تسلسل جاری رہے گا۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کریں۔
نوے ژوند ادبی، ثقافتی اور فلاحی تنظیم ایک بار پھر اس اندوہناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے اور امید ظاہر کرتی ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور آئندہ کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے گی تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکے۔
روخانہ رحیم وزیر
پریس سیکرٹری
نوے ژوند ادبی، ثقافتی اور فلاحی تنظیم اسلام آباد