30/08/2026
رپورٹ
اوپن مائیک سیشن
پروگرام نمبر 6
ادراک لٹریری اینڈ انٹلیکچویل سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی اوپن مائیک سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں پمز (PIMS) میں پیش آنے والے اندوہناک سانحے اور اس کے مختلف سماجی، انتظامی اور انسانی پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس نشست میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے احباب نے شرکت کی اور سانحے کے اسباب، ادارہ جاتی ذمہ داری، صحت کے نظام کی موجودہ صورتحال، عوامی مسائل اور ریاستی اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے اپنے خیالات اور آراء پیش کیں۔ شرکاء نے اس واقعے کو محض ایک حادثہ نہیں بلکہ ایک ایسے اجتماعی مسئلے کے طور پر زیرِ بحث لایا جس کا تعلق ہمارے سماجی رویوں، پالیسی سازی اور انتظامی ڈھانچوں سے بھی جڑا ہوا ہے۔
نشست کے دوران مختلف نقطہ ہائے نظر سامنے آئے، تاہم تمام شرکاء نے علمی دیانت، باہمی احترام اور مکالمے کی اعلیٰ روایت کو برقرار رکھا۔ اختلافِ رائے کے باوجود گفتگو کا ماحول شائستہ، مہذب اور تعمیری رہا، جس نے اس نشست کو ایک سنجیدہ فکری مکالمے کی صورت عطا کی۔
تقریباً ڈیڑھ گھنٹے پر محیط اس سیشن میں شرکاء نے نہ صرف سانحے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام، ادارہ جاتی جوابدہی اور انسانی جانوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی اہم نکات اٹھائے۔ اس دوران متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور تعزیت کا بھی اظہار کیا گیا۔