21/04/2026
*مرکزی انجمن تاجران خصوصی اجلاس پریس ریلیز*
مرکزی انجمن تاجران تحصیل گوجرہ کا ایک خصوصی اجلاس سرپرست مرکزی انجمن تاجران ملک سرور کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں صدر منصور احمد بھنگو، جنرل سیکرٹری ملک امجد ضیاء،چیئرمین اشرف ناز، میاں عثمان زاہد، ملک حبیب، بلال چیمہ، رانا عبید،ملک امجد اسلام امجد،عمران حفیظ،حاجی ریاض، یاسر سندھو،شیخ افضل، چاچامنیر، نے شرکت کی۔اجلاس میں تاجران کو مقامی سطح پر درپیش مسائل سمیت پل پل بدلتی ملکی و بین الاقوامی سیاسی صورتحال کے باعث تجارتی معاملات پر پڑنے والے اثرات پر غورو خوض کیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں مرکزی انجمن تاجران کے کچھ عہدیداروں کا نام لیے بغیر بلدیہ آفیسران سے مل کر مالی کرپشن کے مبینہ الزامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ جس پر اجلاس میں شریک جملہ عہدیداران کا کہنا تھا کہ مرکزی انجمن تاجران، تحصیل گوجرہ کے غیور تاجروں کی ایک غیر سیاسی نمائندہ تنظیم ہے جو مختلف تاجر تنظیموں کا مجموعہ ہے۔ مرکزی انجمن سیاسی مقاصد اور کسی بھی قسم کی مالی کرپشن کی حوصلہ شکنی کرتی ہے۔ مرکزی انجمن تاجران تاجروں کے حقوق کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے اورتاجروں کے حقوق کا تحفظ مرکزی انجمن کی اولین ترجیح ہے ۔ اجلاس میں اس بات کا عہد کیا گیا کہ کرپشن میں ملوث کسی بھی عہدیدار کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ کوئی بھی عہدیدار تاجروں کی فنڈز کی مالی بے ضابطگی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف مرکزی انجمن آئینی تقاضوں کےمطابق تادیبی کارروائی عمل میں لانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ مرکزی انجمن کے معاملات میں بیرونی عناصر کی مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ مرکزی انجمن تاجران کا احتساب صرف اس کے رکن تاجر ہی کرنے کا حق رکھتے ہیں۔مرکزی انجمن تاجران کا ہر ایک عہدیدار شہر کے تاجروں کے حقوق کے تحفظ کا عہد کیے ہوئے ہے جس سے کسی طور پر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ غیر متعلقہ معاملات کو بنیاد بنا کر مرکزی انجمن تاجران پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔