26/09/2026
گورنمنٹ مڈل سکول شیخاندہ بمبوریت میں ماحولیاتی تبدیلی کے موضوع پر نمائش کا انعقاد
بمبوریت: گورنمنٹ مڈل سکول شیخاندہ بمبوریت میں لوکل ٹیچر ایسوسی ایشن (LTA) بمبوریت کے زیرِ نگرانی ماحولیاتی تبدیلی کے موضوع پر خصوصی نمائش اور تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنے تیار کردہ مختلف سائنسی و تعلیمی پروجیکٹس پیش کیے۔
تقریب میں محکمہ تعلیم سے وابستہ مختلف افسران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانان، اساتذہ کرام اور علاقے کے عمائدین نے شرکت کی۔ شرکاء نے طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے پروجیکٹس کا مشاہدہ کیا اور ان کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے معلومات کو سراہا۔
طلبہ نے اپنے پروجیکٹس کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کے اسباب، اس کے ممکنہ اثرات اور ماحول کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ خاص طور پر بچوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوع کو نہایت آسان اور عملی انداز میں پیش کیا۔
اس موقع پر مہمانانِ گرامی اور اساتذہ نے طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تعلیمی سرگرمیاں بچوں میں تحقیق، تخلیقی سوچ، خود اعتمادی اور ماحولیاتی شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے شرکاء نے طلبہ کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے پیش کیے گئے پروجیکٹس کو نہ صرف دلچسپی سے دیکھا بلکہ بچوں کے علمی جذبے اور محنت کو بھی سراہا۔ پروگرام کا مقصد طلبہ میں ماحول کے تحفظ اور ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔