20/05/2026
پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) کے اپیلٹ ٹربیونل میں آنے والا حالیہ مقدمہ بظاہر ایک نجی ہاؤسنگ اسکیم کے ٹیکس تنازع سے متعلق تھا، مگر حقیقت میں یہ کیس پاکستان کے ٹیکس نظام، آئینی اختیارات اور “سروس” کی قانونی تعریف کے گرد گھومنے والی ایک نہایت اہم عدالتی جنگ بن گیا۔ اس فیصلے نے نہ صرف رئیل اسٹیٹ سیکٹر بلکہ مستقبل کے ٹیکس مقدمات کے لیے بھی ایک نئی قانونی سمت متعین کر دی ہے۔
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب سرگودھا کے علاقے بھلوال میں قائم میسرز لائف سٹی ہاؤسنگ اسکیم اور لائف سٹی فیز-II نے اپنی ملکیتی اراضی پر جدید رہائشی منصوبے تیار کیے۔ منصوبے کے تحت زمین پر سڑکیں تعمیر کی گئیں، سیوریج کا نظام بچھایا گیا، بجلی و پانی کی سہولیات فراہم کی گئیں، پارکس بنائے گئے اور دیگر ترقیاتی کام مکمل کیے گئے۔ بعد ازاں ان تیار شدہ پلاٹس کو خریداروں کے فروخت کر دیا گیا۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اس سرگرمی کو محض جائیداد کی فروخت نہیں بلکہ “ٹیکسیبل سروس” قرار دیا۔ اکتوبر 2020 میں PRA نے ہاؤسنگ اسکیم کو زبردستی رجسٹرڈ کیا جبکہ مئی 2023 میں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ چونکہ پنجاب سیلز ٹیکس قانون کے شیڈول میں “Property Developers” شامل ہیں، اس لیے ہاؤسنگ اسکیم سیلز ٹیکس ادا کرنے کی پابند ہے۔ محکمہ کے مطابق خریداروں کو صرف خالی زمین نہیں دی گئی بلکہ انہیں ایک “ویلیو ایڈڈ” پراڈکٹ فراہم کی گئی جس میں سڑکیں، پارکس اور دیگر سہولیات شامل تھیں، لہٰذا یہ ایک سروس کے زمرے میں آتی ہے۔
تاہم ہاؤسنگ اسکیم کے وکلاء نے اس مؤقف کو چیلنج کرتے ہوئے ایک بنیادی قانونی سوال اٹھایا کہ جب کوئی شخص اپنی ہی زمین کو ترقی دے کر فروخت کرتا ہے تو کیا وہ واقعی کسی دوسرے شخص کو “سروس” فراہم کر رہا ہوتا ہے؟ وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ یہاں اصل معاملہ غیر منقولہ جائیداد (Immovable Property) کی فروخت کا ہے، نہ کہ کسی علیحدہ سروس کی فراہمی کا۔ ان کے مطابق خریدار دراصل ایک بہتر اور ترقی یافتہ جائیداد خریدتا ہے، جبکہ سڑکیں، پارکس اور دیگر سہولیات اسی جائیداد کا حصہ بن جاتی ہیں، انہیں الگ سروس تصور نہیں کیا جا سکتا۔
وکلاء نے مزید نشاندہی کی کہ ایسی ٹرانزیکشنز پر پہلے ہی حکومت کو اسٹیمپ ڈیوٹی، رجسٹریشن فیس، کیپیٹل ویلیو ٹیکس اور دیگر سرکاری محصولات ادا کیے جا چکے ہوتے ہیں۔ لہٰذا اسی سرگرمی پر دوبارہ سیلز ٹیکس عائد کرنا “ڈبل ٹیکسیشن” کے مترادف ہے، جو انصاف اور قانونی اصولوں کے منافی ہے۔
اپیلٹ ٹربیونل نے اپنے تفصیلی فیصلے میں سب سے پہلے یہی بنیادی سوال زیر غور لایا کہ آیا ایسی سرگرمی واقعی “سروس” کے دائرے میں آتی ہے یا نہیں۔ معزز بینچ، جس میں چیئرپرسن مسٹر بخت فخر بہزاد اور اکاؤنٹنٹ ممبر محترمہ کوکب نذیر شامل تھیں، نے واضح کیا کہ کسی سرگرمی پر سیلز ٹیکس اسی وقت عائد کیا جا سکتا ہے جب وہ بنیادی قانون کے مطابق “Taxable Service” کے زمرے میں آئے۔ اگر کوئی سرگرمی قانوناً سروس ہی نہیں بنتی تو محض شیڈول میں اس کا نام شامل کر دینے سے اسے ٹیکس کے دائرے میں نہیں لایا جا سکتا۔
ٹربیونل نے قرار دیا کہ جب ڈویلپر خود زمین کا مالک ہو، ترقیاتی اخراجات خود برداشت کرے اور کاروباری خطرہ بھی خود اٹھائے تو وہ کسی تیسرے فریق کو سروس فراہم نہیں کر رہا ہوتا۔ ایسی صورت میں ترقیاتی سہولیات جائیداد کا حصہ تصور ہوں گی، نہ کہ علیحدہ “سروس کمپوننٹ”۔
فیصلے کا ایک نہایت اہم پہلو 18ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کے ٹیکس اختیارات سے متعلق بھی تھا۔ ٹربیونل نے واضح کیا کہ آئین کے تحت صوبوں کو صرف “Services” پر ٹیکس عائد کرنے کا اختیار حاصل ہے، جبکہ غیر منقولہ جائیداد اور اس کی خرید و فروخت الگ قانونی دائرہ کار میں آتی ہے۔ اس لیے کوئی صوبائی اتھارٹی جائیداد کی فروخت کو مصنوعی انداز میں “سروس” قرار دے کر اپنے آئینی اختیارات میں توسیع نہیں کر سکتی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ اصول بھی دہرایا کہ ٹیکس قوانین کی تشریح ہمیشہ سخت انداز میں کی جاتی ہے، اور جہاں قانون میں ابہام موجود ہو وہاں فائدہ شہری کو دیا جاتا ہے، نہ کہ محکمہ کو۔ اسی بنیاد پر ٹربیونل نے ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف عائد تمام ٹیکس مطالبات، ڈیفالٹ سرچارجز اور جرمانے کالعدم قرار دیتے ہوئے کمشنر اپیلز اور ایڈیشنل کمشنر کے احکامات کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا۔
یہ فیصلہ محض ایک ہاؤسنگ اسکیم کی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کے ٹیکس نظام میں “سروس” اور “جائیداد کی فروخت” کے درمیان قانونی حد بندی کو واضح کرنے والی ایک اہم نظیر بن چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق مستقبل میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز، پراپرٹی ڈویلپرز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے متعلق متعدد مقدمات میں اس فیصلے کا حوالہ دیا جائے گا، اور ممکنہ طور پر یہ فیصلہ صوبائی ٹیکس اتھارٹیز کے اختیارات کی حدود متعین کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔