13/04/2026
عید کی خوشیوں میں شامل ایک یادگار سفر
تحریر: شازیہ نورین خان
عید خوشیوں، محبت اور بانٹنے کا نام ہے۔ اسی جذبے کے تحت ہوپ فار لائف ویلفیئر فاؤنڈیشن بہاولپور نے فیوچر ایکسی لینس پرائیویٹ لمیٹڈ کے تعاون سے پاکستان بیت المال سویٹ ہوم کے یتیم بچوں کے لیے ایک خوبصورت اور یادگار ڈبل ڈیکر بس سٹی ٹرپ کا اہتمام کیا۔ یہ روایت گزشتہ پانچ برسوں سے جاری ہے اور اس سال اس سرگرمی کا چھٹا سال تھا۔
اس خوشگوار سفر کا آغاز شام ساڑھے چھ بجے دیوان والی پلی سے ہوا جہاں بچے اور عملہ جمع ہوئے۔ بچوں کے چہروں پر خوشی اور جوش صاف نظر آ رہا تھا۔ سات بجے ڈبل ڈیکر بس روانہ ہوئی اور بچوں کو بہاولپور شہر کا خوبصورت راؤنڈ ٹرپ کروایا گیا۔ بلند بس کی بالائی منزل سے شہر کو دیکھنا بچوں کے لیے ایک منفرد اور دلچسپ تجربہ تھا۔
تقریباً رات آٹھ بجے قافلہ ڈی ایچ اے بہاولپور کے گلو پارک پہنچا جہاں ڈاکٹر قاصرہ اور ان کی ٹیم نے بچوں کا نہایت پرتپاک استقبال کیا۔ گلو پارک انتظامیہ کی طرف سے یتیم بچوں کے لیے تمام تفریحی سرگرمیاں مفت فراہم کی گئیں۔
بچوں نے پارک کے جھولوں سے خوب لطف اٹھایا اور بعد ازاں مووی نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس نے بچوں کی خوشی کو مزید دوبالا کر دیا۔ اس دوران بچوں کی مسکراہٹیں اور قہقہے اس بات کا ثبوت تھے کہ انہیں ایک یادگار شام نصیب ہوئی ہے۔
گلو پارک انتظامیہ نے تمام شرکاء کے لیے پیزا اور کولڈ ڈرنکس کا بھی اہتمام کیا جس سے بچوں کی خوشی مزید بڑھ گئی۔ یہ لمحے نہ صرف بچوں کے لیے بلکہ منتظمین کے لیے بھی نہایت خوشگوار اور حوصلہ افزا تھے۔
رات ساڑھے آٹھ بجے قافلہ واپسی کے لیے روانہ ہوا اور خوشیوں بھری یادوں کے ساتھ سفر جاری رہا۔ رات گیارہ بجے تمام بچوں کو بحفاظت سویٹ ہوم بہاولپور پہنچا دیا گیا۔
یہ عید ڈبل ڈیکر بس ٹرپ اور گلو پارک کا دورہ اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ اگر معاشرے کے مختلف ادارے اور افراد مل کر کام کریں تو یتیم بچوں کی زندگی میں بھی خوشیوں کے رنگ بھرے جا سکتے ہیں۔
ہم اس موقع پر تمام معاونین اور تعاون کرنے والے اداروں کے تہہ دل سے مشکور ہیں جن کے تعاون سے یہ خوشگوار اور یادگار پروگرام ممکن ہوا۔ ایسے اقدامات نہ صرف بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ لاتے ہیں بلکہ معاشرے میں محبت، ہمدردی اور انسانیت کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ ✨