08/08/2026
میرواعظِ کشمیر کا حضرت شیخ حمزہ مخدوم کشمیریؒ کے سالانہ عرس مبارک پر شاندار خراجِ عقیدت
عوام سے حضرت کے روحانی، اصلاحی اور اخلاقی پیغام سے رہنمائی حاصل کرنے کی اپیل
میرواعظِ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے سلطان العارفین حضرت شیخ حمزہ مخدوم کشمیریؒ کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مخدوم صاحبؒ کشمیر کی عظیم ترین روحانی شخصیات اور مصلحین میں انکا شمار ہوتا ہے جنہوں نے وادیٔ کشمیر کی دینی، روحانی اور اخلاقی زندگی کی تشکیل میں بے مثال کردار ادا کیا۔
میرواعظ نے کہا کہ حضرت شیخ حمزہ مخدوم کشمیریؒ نے اپنی پوری زندگی لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی معرفت، تقویٰ، اخلاص، حسنِ اخلاق، عجز و انکساری اور خدمتِ خلق کی تعلیم دینے اور انہیں راہِ ہدایت پر گامزن کرنے کے لیے وقف کر دی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت مخدوم صاحبؒ کی تعلیمات صرف روحانی تربیت تک محدود نہیں تھیں بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تعمیر اور تشکیل پر بھی زور دیتی تھیں جو عدل، رحم، ہمدردی،رواداری، اخلاقی اقدار اور کمزور و ضرورت مند طبقات کی نگہداشت جیسے اعلیٰ اسلامی اصولوں پر قائم ہو۔
میرواعظ نے کہا کہ حضرت شیخ حمزہ مخدوم کشمیریؒ کے وصال کو کئی صدیاں گزر جانے کے باوجود آج بھی عوام کے دلوں میں ان سے والہانہ عقیدت و محبت کا برقرار رہنا اس بات کا روشن ثبوت ہے کہ ان کی روحانی اور اصلاحی جدوجہد کے اثرات آج بھی زندہ اور تابندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت مخدوم صاحبؒ کو حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ہم ان کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں، بالخصوص ایسے دور میں جب ہمارا معاشرہ بڑھتے ہوئے اخلاقی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے۔