10/08/2026
قرآنی استعارے آفاقی ہیں
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی
پروفیسر مظفر علی شہ میری
شبلی انٹرنیشنل ایجوکیشنل ٹرسٹ حیدرآبادکے زیر اہتمام پروفیسر مظفر علی شہ میری کی شاہکار منفرد تصنیف قرآنی استعاروں کی فنی عظمت کی رسم رونمائی 8اگست 2026 بروز ہفتہ بعد نماز مغرب 7:30بجے شب بمقام میڈیا پلس آڈیٹوریم گن فاؤنڈری حیدرآباد میں منعقد ہوئی۔ پروگرام کے کنوینر مولانا ڈاکٹر محمد محامد ہلال اعظمی نے قرآن مجید کی تلاوت سے مجلس کا آغاز کیا، مصنف ِکتاب پروفیسر مظفر علی شہ میری نے حضور اکرم ﷺ کی شان اقدس میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا، ایڈیٹر ہفت روزہ گواہ حیدرآباد ڈاکٹر سید فاضل حسین نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ مصنف کتاب پروفیسر مظفر علی شہ میری نے پروجیکٹر سلائڈ کے ذریعہ قرآنی استعاروں کو مع مثال کے پیش کیا اور کہا کہ قرآنی استعارے آفاقی ہیں جو ہر زمانے، ہر علاقے میں فلاح وصلاح کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔
مولانا شاہ فصیح الدین نظامی زیدمجدکم سابق مہتمم کتب خانہ نظامیہ حیدرآباد نے مرصع، مقفی الفاظ سے کتاب پر روشنی ڈالی اور مصنف کتاب کو مبارک باد پیش کی۔ پروفیسر امین اللہ شعبۂ اردو یس وی یونیورسٹی تروپتی آندھرا پردیش نے کتاب پر عمدہ تبصرہ کیا اور اس کتاب کو اس فن میں ایک منفرد اور انمول قرار دیا، کتاب کے پبلیشر مولانا قاضی اسد ثنائی نے اس کی اشاعت کو اپنا دینی علمی فریضہ کہا اور کہا کہ میرے اپنے پیشے کی اب تک کہ یہ قرآنی نسبت کی وجہ سے سب سے اہم کاوش ہے۔ ڈاکٹر سیدہ نسیم سلطانہ نے تہنیتی نظم پیش کی اور ڈاکٹر رفیعہ نوشین نے مصنف کتاب کی تہنیت اور مبارک بادی پیش کرتے ہوئے قرآنی استعاروں کی فنی عظمت میں تانیثی استعارے کی طرف اشارہ کیا۔صدارتی خطاب کرتے ہوئے فقیہ العصر یکتائے روزگار عالم دین حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ بانی وناظم المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد نے کہا کہ یہ کتاب ظاہری وباطنی بہت عمدہ ہے؛ کیوں کہ یہ قرآنی خدمت ہے اور جس طرح اللہ کا کلام باقی رہنے والا ہے اسی طرح قرآنی خدمت گزاروں کا نام بھی باقی رہنے والا ہے، مصنف کتاب کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ آپ نے استعاروں کو جو آفاقی پہلو سے پیش کیا ہے لائق تحسین ہے، یقینا قرآن مجید کے استعارے آفاقی ہیں۔ شبلی انٹرنیشنل ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور پروفیسر مظفر علی شہ میری کو ان کی علمی، ادبی، سماجی خدمات پر شبلی ایوارڈ 2026پیش کیا گیا،اس پروگرام میں مفتی محمد فاروق قاسمی صدر علماء کونسل وجے واڑہ آندھرا پردیش،جناب سید نثار احمد دوحہ قطرمہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت فرمائی،علاوہ ازیں ڈاکٹر عبد القدوس، ڈاکٹر ناظم علی، ڈاکٹر عابد معز، ڈاکٹر غوثیہ بانو، ڈاکٹر سمیہ تمکین، مولانا محمد مساعد ہلال احیائی، مولانا محمد وقار حسامی، محسن خان، محمد مصادق ہلال، سید غازی الدین، سیدہ عارفہ، مولانا باب الدین قاسمی اور اہل علم وادب وخواتین حضرات اس پروگرام میں شریک رہے۔ کنوینر ڈاکٹر محمد محامد ہلال اعظمی نے حاضرین محفل کا شکریہ ادا کیا۔