07/06/2026
**چوتھا سالانہ مشاورتی پروگرام برائے علماء ودعاۃ **
رپورٹ پیش کش
بشکریہ عادل احمد محمدی
بروز سوموار 15 ذی الحجہ بمطابق یکم جون 2026 محمدی مسجد، پیغمبر پور ضلع دربھنگہ میں**بلال فاؤنڈیشن، دربھنگہ **کے زیر نگرانی ماہانہ اجتماع کا چوتھا سالانہ مشاورتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا،
جسکی صدارت فضیلۃ الشیخ ثناء اللہ مدنی صاحب نے اور نظامت جناب عادل احمد محمدی نے انجام دیا _
مسجد کے اندر بعد نماز عصر پروگرام کا آغاز قاری عمران صاحب نے اپنی خوبصورت آواز میں تلاوت قرآن پاک سے کیا،
معاً بعد جناب جسیم الدین نے نبی کریم کی شان اقدس میں نعت نبی کا بہترین گلدستہ پیش کیا _
اسکے بعد پروگرام کے مقاصد، اسباب اور علل کو ناظم پروگرام کی جانب سے جامع انداز میں پیش کیا گیا،
اور ساتھ ہی ساتھ دربھنگہ و مدھوبنی کے اطراف و اکناف سے آئے علماء کرام میں سے چند نے سال بھر کی ریاضت و محنت اور اسکے اندر حاصل ہونے والے پھول اور کانٹے کو اپنے اپنے تہذیبی انداز میں طشت ازبام کیا _
پھر جناب ولی اللہ صاحب نے علماء وفضلاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس سلسلے میں در پیش مسائل کا حل پیش کیا،
اپنے نقص وعیب کو بھی فراخ دلی سے قبول کرتے ہوئے آئندہ اسے دور کرنے کا عہد کیا اور آپسی رائے مشورہ سے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں ایک جگہ پر سال میں صرف تین پروگرام کئے جائیں گے تاکہ وہ طبیعت پر بوجھل بھی نا ہو اور دوسرے گاؤں میں اسکے دائرہ کو بھی پھیلایا جا سکے _
صدارتی بیان میں فضیلۃ الشیخ ثناء اللہ مدنی نے اپنے ہمنوا اور ہم مشرب سے اپنے ڈریس کوڈ ہر توجہ دینے، مزید جانفشانی کے ساتھ محنت کرنے، خطابت کے ساتھ ساتھ تالیف اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے، اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنےکی تلقین اپنے شیریں اور مخصوص انداز میں کیا،
اس درمیان نا صرف علماء کرام بلکہ مقامی سامعین بھی عش عش کررہے تھے -
اخیر میں ہمیشہ کی طرح علماء اور فضلاء کو قیمتی تحفے سے نوازا گیا،
اس درمیان سورج پچھم کی طرف غروب ہونے کے لئے رخت سفر باندھ چکا تھا،
ایک با برکت نششت کے اختتام پر علماء ایک دوسرے سے معانقہ کرتے ہوئے ہشاش بشاش چہرے کے ساتھ مغرب سے قبل اپنے اپنے منزل کی طرف خراماں خراماں سر گرداں ہوگئے_
جزاھم اللہ خیرا کثیرا!!!