25/08/2025
حالیہ خونی سیلاب نے جبگی اور گرد و نواح کے علاقوں میں تباہی مچا دی، متعدد مکانات منہدم اور درجنوں خاندان بے گھر ہو گئے۔ اس المناک صورتِ حال میں غزالی اسکول اینڈ کالج کی ذیلی تنظیم، غزالی فاؤنڈیشن نے ایک قابلِ تحسین اقدام اٹھاتے ہوئے متاثرین کی فوری امداد کا آغاز کیا۔
غزالی فاؤنڈیشن کی جانب سے جبگی میں متاثرہ خاندانوں میں نقد امدادی رقوم تقسیم کی گئیں تاکہ وہ فوری ضروریات پوری کر سکیں اور اس آزمائش کی گھڑی میں کسی حد تک سہارا پا سکیں۔
اس موقع پر غزالی اسکول اینڈ کالج کے ڈائریکٹر، سید زیب باچا نے متاثرین سے ملاقات کی، ان کے دکھ درد میں شریک ہوئے اور تعزیتی کلمات ادا کیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فاؤنڈیشن متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور امداد کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
امدادی تقریب کے دوران غزالی فاؤنڈیشن کے دیگر رضاکار بھی موجود تھے، جنہوں نے رقوم کی شفاف تقسیم اور متاثرین کی معاونت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ متاثرین نے اس انسانی ہمدردی اور فوری امداد پر غزالی فاؤنڈیشن کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔