23/05/2026
🌹پاکستان پولیس سروس کا درخشندہ ستارہ: آئی جی طارق سلیم ڈوگر 🌹
پاکستان، بالخصوص پنجاب پولیس میں جب بھی فرض شناسی، قانون کی بالادستی اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کا ذکر آئے گا، سابق آئی جی پنجاب طارق سلیم ڈوگر صاحب کا نام ہمیشہ سرِفہرست رہے گا۔ وہ پاکستان پولیس سروس (PSP) کیڈر کے ان چند مایہ ناز اور نڈر افسران میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے اپنے تین دہائیوں پر محیط طویل کیریئر میں محکمہ پولیس کو نئی جہتیں دیں اور کمانڈ کے اعلیٰ ترین درجے یعنی 'انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس' (IGP) کے رینک تک پہنچے۔
طارق سلیم ڈوگر صاحب کا تعلق ایک علمی، قانونی اور دفاعی اعتبار سے انتہائی معزز گھرانے سے ہے۔ ان کے والد محترم چوہدری محمد حسین ڈوگر صاحب (مرحوم) ایک نہایت جید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تھے، جن سے انہیں انصاف پسندی اور اصول پرستی ورثے میں ملی۔ اسی علمی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آپ کے بھائیوں میں پروفیسر فاروق ڈوگر مرحوم ( انگلش پروفیسر ایم اے او کالج لاہور) اور محمد امجد ڈوگر صاحب (ایڈوکیٹ، جھنگ) نے تعلیم اور قانون کے شعبے میں نام پیدا کیا۔ آپ کا خاندان عسکری خدمات میں بھی پیش پیش رہا ہے؛ آپ کے چچا کرنل محمد حسین ڈوگر (ڈوگر برادری کے پہلے کرنل)، میجر خادم حسین ڈوگر اور بریگیڈیئر زاہد حسین ڈوگر نے ملک کے دفاع کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ یہی نہیں بلکہ آپ کے خالہ زاد بھائیوں میں وائس ایڈمرل محمود علی ڈوگر، بریگیڈیئر یعسوب علی ڈوگر اور کرنل شعیب علی ڈوگر مرحوم جیسی قد آور شخصیات شامل ہیں، جبکہ وائس ایڈمرل طیب علی ڈوگر مرحوم آپ کے خالہ زاد ہونے کے ساتھ ساتھ بہنوئی بھی ہیں۔
آپ کے تعلیمی سفر پر نظر ڈالیں تو آپ نے گورنمنٹ کالج لاہور (موجودہ جی سی یو) سے انگریزی ادب میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور قانون کی باریکیوں کو سمجھنے کے لیے پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی (LLB) کیا۔ 1977 میں سی ایس ایس کا امتحان شاندار نمبروں سے پاس کرنے کے بعد آپ نے پولیس سروس میں شمولیت اختیار کی۔ اپنی 33 سالہ سروس کے دوران آپ نے آئی جی پنجاب، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب، کمانڈنٹ الیٹ فورس ،ایس پی گجرانوالہ ،بہاولپور اور سی سی پی او لاہور جیسے کلیدی عہدوں پر فائز رہ کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوایا۔ بالخصوص بطور آئی جی پنجاب (2009-2010)، آپ نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور پولیس فورس کی جدید خطوط پر تربیت میں تاریخی کردار ادا کیا۔
دسمبر 2010 میں ریٹائرمنٹ کے بعد بھی آپ کی خدمات کا سلسلہ جاری رہا اور حکومت نے آپ کو پنجاب پبلک سروس کمیشن (PPSC) کا ممبر مقرر کیا، جہاں آپ نے میرٹ کی بالادستی اور شفافیت کے نئے معیار قائم کیے۔ طارق سلیم ڈوگر صاحب نے ڈوگر برادری کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔آپ برادری کی خوشی غمی میں شریک ہوئے والی انتہائی ملنسار شخصیت کے مالک ہیں ۔ان کی زندگی اور کیریئر ہر نوجوان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ڈوگر برادری ان کی ملک و قوم کے لیے پیش کی گئی بے لوث خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے ۔
*پاک ڈوگر ویلفیئر سوسائٹی/ میگزین رجسٹرڈ لاہور*