07/03/2026
*ژوب تحصیل سمبازہ کا ائی جی ایف سی ( نارتھ ) کورکمانڈر بلوچستان کا دورہ*
پاک–افغان سرحد کے سمبازہ سیکٹر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران کالعدم ٹی ٹی اے کی پوسٹ نمبر 1 اور 5 کو تباہ کر دیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی مؤثر فائرنگ کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک جبکہ دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم خان نے آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد عاطف مجتبیٰ کے ہمراہ 6 مارچ 2026 کو سمبازہ سیکٹر اور پاک–افغان سرحدی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بارڈر سکیورٹی اور اہم مقامات پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کور کمانڈر نے سرحد پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ٹی ٹی اے کے خلاف ان کے جرأت مندانہ اقدامات کو سراہتے ہوئے پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے جذبے کی تعریف کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی جبکہ ژوب اور سمبازہ کے علاقوں میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی فورسز کی مؤثر موجودگی برقرار رہے گی۔