20/08/2026
عالمی یومِ انسانیت پر دکھی انسانیت کی خدمت کے عزم کا اعادہ
چوہدری صغیر انجم اور میاں بابر صغیر کا خدمتِ انسانیت جاری رکھنے کا اعلان
ساہیوال (احمد حسن سے) 19 اگست کو منائے جانے والے عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر راہِ حق ویلفیئر فاؤنڈیشن (رجسٹرڈ) ساہیوال کے چیئرمین چوہدری صغیر انجم اور صدر میاں بابر صغیر نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت ایک عظیم ذمہ داری ہے اور دکھی انسانیت کے دکھ درد میں شریک ہونا معاشرے کے ہر فرد کا اخلاقی فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ راہِ حق ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنی مدد آپ کے تحت مستحق، بیواؤں، نادار خاندانوں اور ضرورت مند افراد کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہم اللہ کے دیے ہوئے رزق سے اللہ کے بندوں کی خدمت کر رہے ہیں اور اسی جذبے کے تحت فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے لیے بڑے وسائل سے زیادہ خلوص، احساس اور نیک نیتی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ضرورت مند انسان کے چہرے پر خوشی لانا ہی حقیقی خدمت اور معاشرے کی بہتری کی بنیاد ہے۔