تحریک تحفظ حقوق چترال

تحریک تحفظ حقوق چترال "A Humanitarian & Socio-economic Movement for the Protection of Rights for the People in Chitral."

02/05/2026

تحریک تحفظِ حقوقِ چترال کے زیرِ انتظام تمام معزز ممبران اور چترالی عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ چیئرمین جناب پیر مختار نبی کی زیرِ نگرانی تنظیم کو مزید منظم، فعال اور مؤثر بنانے کے لیے حلقہ بندی، ممبر سازی اور تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کا عمل جاری ہے۔
اس سلسلے میں سب سے پہلے شوریٰ کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی جا رہی ہے جس کے ارکان کی کم از کم تعداد 15 مقرر کی گئی ہے۔ شوریٰ کمیٹی تحریک کا ایک اہم مشاورتی شعبہ ہے جس کی بنیادی ذمہ داری تنظیم کو فعال رکھنا، ممبر سازی کو فروغ دینا، حلقہ جات کے ذریعے تنظیم کو وسعت دینا اور چترالی عوام کو درپیش مسائل پر مشاورت کے ذریعے مؤثر لائحۂ عمل ترتیب دینا ہے۔
اس کے بعد مرکزی کابینہ کی تشکیل کی جائے گی جس میں عہدیداران کی تعداد تقریباً 10 رکھی گئی ہے۔ مرکزی کابینہ کی ذمہ داری شوریٰ کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا، تمام حلقہ جات کو فعال رکھنا اور تنظیم کے داخلی امور کی نگرانی کرنا ہوگی۔
مزید برآں تنظیم کے دائرۂ کار کو وسیع کرتے ہوئے چترال کے اندر وی سی، یو سی، تحصیل اور ضلع سطح پر حلقہ جات کی تشکیل دی جائے گی جبکہ چترال سے باہر پشاور، اسلام آباد، لاہور، کراچی اور بیرونِ ملک مقیم چترالیوں کے لیے بھی باقاعدہ تنظیمی حلقے قائم کیے جائیں گےتاکہ تحریک ایک مضبوط منظم اور باوقار پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آ سکے۔
تحریک تحفظِ حقوقِ چترال کا بنیادی مقصد چترالی عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرنا ان کے حل کے لیے مؤثر آواز بلند کرنا اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
لہٰذا تمام ممبران اور چترالی بہن بھائیوں سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ اس تنظیمی عمل میں بھرپور ساتھ دیں تاکہ ہم مل کر ایک مضبوط اور متحد پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے مسائل کے حل اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
یہ بات بھی واضح کی جاتی ہے کہ تحریک تحفظِ حقوقِ چترال نہ کسی سیاسی جماعت کے خلاف ہے نہ حکومتِ وقت کے خلاف، اور نہ ہی کسی مسلکی، نسلی یا علاقائی تقسیم کی حمایت کرتی ہے۔ تحریک کا واحد مقصد چترالی عوام کے حقوق کا تحفظ اور ان کی خدمت ہے اور اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
آئیں ہم سب مل کر اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں اور اپنے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے اجتماعی جدوجہد کریں۔
تنظیم سازی کے اس عمل میں حصہ لینے اور ممبرشپ حاصل کرنے کے لیے شعبہ اطلاعات و نشریات سے رابطہ کریں۔
📞 رابطہ نمبر:03003000387
شعبہ اطلاعات و نشریات
تحریک تحفظِ حقوقِ چترال

انتہائی رنج و غم کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ تحریک تحفظِ حقوقِ چترال کے ایگزیکٹو ممبر محترم مولانا زبیر احمد بابک صاحب ک...
27/04/2026

انتہائی رنج و غم کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ تحریک تحفظِ حقوقِ چترال کے ایگزیکٹو ممبر محترم مولانا زبیر احمد بابک صاحب کا لختِ جگر ایک ہفتے کی علالت کے بعد اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملا۔
تحریک تحفظِ حقوقِ چترال اس غم کی گھڑی میں مولانا زبیر احمد بابک صاحب اور ان کے اہلِ خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

اللہ تعالیٰ اس معصوم بچے کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اسے اپنے والدین کے لیے شفاعت کا ذریعہ بنائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
آمین۔

25/04/2026

چیئرمین تحریک تحفظِ حقوقِ چترال جناب پیر مختار نبی نے چترالی عوام، بالخصوص نوجوانوں، طلبہ، سماجی کارکنوں اور بیرونِ ملک مقیم چترالیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحریک تحفظِ حقوقِ چترال کو مزید منظم، مضبوط اور فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
00923003000387 واٹس ایپ

انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ تحریک تحفظِ حقوقِ چترال کے جنرل سیکرٹری جناب طاہر الدین شادان صاحب کے والدِ مح...
22/04/2026

انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ تحریک تحفظِ حقوقِ چترال کے جنرل سیکرٹری جناب طاہر الدین شادان صاحب کے والدِ محترم انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم کافی عرصے سے علیل تھے اور پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں آج علی الصبح قضائے الٰہی سے ان کا انتقال ہو گیا۔ إنا لله وإنا إليه راجعون۔

مرحوم کی میت کو ان کے آبائی گاؤں کھوت، تورکھو (اپر چترال) روانہ کر دیا گیا ہے، جہاں نمازِ جنازہ اور تدفین عمل میں لائی جائے گی۔

تحریک تحفظِ حقوقِ چترال اس دکھ کی گھڑی میں طاہر الدین شادان صاحب اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

شعبہ اطلاعات و نشریات
تحریک تحفظِ حقوقِ چترال

چترال پاکستان کا نہایت پسماندہ مگر انتہائی پُرامن علاقہ ہے۔ چترال کے باسی ہمیشہ اپنے ملک کے ساتھ وفادار رہے ہیں اور ریاس...
17/04/2026

چترال پاکستان کا نہایت پسماندہ مگر انتہائی پُرامن علاقہ ہے۔ چترال کے باسی ہمیشہ اپنے ملک کے ساتھ وفادار رہے ہیں اور ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون کو اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چترال سیاحت کے حوالے سے ایک محفوظ اور پُرکشش مقام سمجھا جاتا ہے۔
ہر سال غیر ملکی سیاح بڑی تعداد میں چترال آتے ہیں، مگر راستے میں خصوصاً تیمَرگرہ کے مقام پر بار بار NOC اور اجازت ناموں کا مطالبہ کیا جاتا ہے، جس سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ غیر ضروری رکاوٹیں نہ صرف سیاحت کو متاثر کر رہی ہیں بلکہ پاکستان کا مثبت تاثر بھی متاثر ہو رہا ہے۔
مزید یہ کہ مقامی پولیس اکثر سیاحوں کو آگے جانے کی اجازت دیتی ہے، لیکن بعض سیکیورٹی اداروں کی جانب سے الگ ہدایات جاری ہونے سے کنفیوژن پیدا ہو جاتا ہے۔ اگر سیکیورٹی خدشات موجود ہیں تو ایک واضح اور مشترکہ پالیسی ترتیب دی جانی چاہیے تاکہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی ہو اور سیاحوں کو بار بار مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ہم پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک واضح، آسان اور یکساں پالیسی بنائی جائے، یا ایک مرکزی/ڈیجیٹل اجازت نامہ جاری کیا جائے۔ اس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت مضبوط ہوگی اور پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے
آئے گا۔

شعبہ اطلاعات و نشریات
تحریک تحفظ حقوق چترال

Khyber Pakhtunkhwa Integrated Tourism Development Project - KITE Government of Khyber Pakhtunkhwa Government of Pakistan Chief Secretary Khyber Pakhtunkhwa ISPR United Nations Human Rights

06/04/2026

ہمیں انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دینی پڑ رہی ہے کہ تحریک تحفظِ حقوقِ چترال اوورسیز کے فاؤنڈر ممبر و رہنما قاضی نذیر بیگ صاحب کے چھوٹے بھائی بشیر صاحب اسلام آباد میں بجلی کے کرنٹ لگنے کے افسوسناک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔
مرحوم سعودی عرب ملازمت کے لیے درخواست دے چکے تھے اور روانگی کے منتظر تھے، مگر تقدیر کو کچھ اور ہی منظور تھا۔
اس موقع پر صدر تحریک تحفظِ حقوقِ چترال جناب میر احمد نے تنظیمی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر ہسپتال پہنچ کر ضروری کاغذی کارروائی مکمل کی اور مرحوم کی میت چترال روانہ کرنے کا انتظام کیا۔ اس دوران اسلام آباد چیپٹر کے سابق صدر سید یوسف حسن اور موجودہ صدر رحیم دیس بھی موجود تھے۔

ہم اس المناک سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور تمام اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
آمین۔

شعبہ اطلاعات و نشریات
تحریک تحفظِ حقوقِ چترال

تورکھو (اجنو) اپر چترال سے تعلق رکھنے والے سیف الدین روزگار کی خاطر قطر گئے تھے۔ وہاں وہ دن رات محنت کر کے اپنے گھر والو...
05/04/2026

تورکھو (اجنو) اپر چترال سے تعلق رکھنے والے سیف الدین روزگار کی خاطر قطر گئے تھے۔ وہاں وہ دن رات محنت کر کے اپنے گھر والوں کا سہارا بنے ہوئے تھے۔ لیکن زندگی نے اچانک ایسا امتحان لیا کہ بیماری نے انہیں گھیر لیا اور ٹیسٹ کے بعد کینسر کی تشخیص ہوئی۔

بیرونِ ملک محدود علاج کے بعد وہ پاکستان واپس آ گئے جہاں اب علاج جاری ہے۔ گھر والوں اور مقامی لوگوں نے اپنی استطاعت کے مطابق بھرپور ساتھ دیا مگر اس بیماری کے اخراجات مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں جو کسی ایک خاندان کے بس سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔
اب تک علاج پر تقریباً 25 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ مزید علاج کے لیے بڑی رقم درکار ہے۔ ایسے میں یہ بوجھ ایک خاندان کے لیے برداشت کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔

ہم تمام مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنی استطاعت کے مطابق اس بھائی کی بھرپور مدد کریں۔ آپ کی معمولی سی معاونت بھی ایک قیمتی زندگی بچانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
https://chat.whatsapp.com/IfX0ELcQ7wnBYrDZ6mCUQK?mode=gi_t
📌 مدد اور رابطہ:
واحد کمال: 03049810122
لطیف الدین: 03472380124

📱 ایزی پیسہ (سیف الدین):
03449706061

🏦 بینک اکاؤنٹ:
PK42HABB0018217900461101

آئیے مشکل وقت میں اپنے بھائی کا سہارا بنیں۔
اللہ تعالیٰ سیف الدین کو جلد صحتِ کاملہ عطا فرمائے۔ آمین۔

پریس ریلیزآج  مورخہ  3 اپریل بروز جمعہ شام 6 بجے تحریک تحفظِ  حقوقِ چترال کا ایک اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی...
03/04/2026

پریس ریلیز

آج مورخہ 3 اپریل بروز جمعہ شام 6 بجے تحریک تحفظِ حقوقِ چترال کا ایک اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین تحریک تحفظِ حقوقِ چترال جناب پیر مختار نبی نے کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری عبداللہ غازی نے حاصل کی۔

اجلاس میں تنظیم کو مزید فعال اور منظم بنانے کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت کی گئی اور نئی کابینہ کی تشکیل پر بھی مشاورت ہوئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ چند ہفتوں میں تحریک تحفظِ حقوقِ چترال ایک نئے جذبے کے ساتھ نئی حلقہ بندیوں کے ذریعے ایک مضبوط اور فعال تنظیم کی صورت میں سامنے آئے گی تاکہ چترال کے عوامی مسائل کو بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

اجلاس میں اپر چترال بونی میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کی نجکاری کے حوالے سے عوام کو اعتماد میں لئے بیغیر فیصلہ لینے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ حقوق چترال، چترال کے حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کرے گی۔ اس حوالے سے عوامی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل جلد طے کیا جائے گا۔

مزید برآں اجلاس میں فہیم قتل کیس پر بھی بات ہوئی۔ شرکاء نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ انہیں ہر ممکن قانونی اور اخلاقی مدد فراہم کی جائے گی اور انصاف کے حصول کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تحریک تحفظِ حقوقِ چترال عوامی حقوق کے تحفظ اور انصاف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

شعبہ اطلاعات و نشریات
تحریک تحفظ حقوق چترال

عالمگیر نواز کی سالگرہ نئی زندگی کا جشن اور انصاف کی ادھوری پکارآج کا دن ہمارے لیے دوہری کیفیت لیے ہوئے ہے۔ ایک طرف خوشی...
30/03/2026

عالمگیر نواز کی سالگرہ
نئی زندگی کا جشن اور انصاف کی ادھوری پکار
آج کا دن ہمارے لیے دوہری کیفیت لیے ہوئے ہے۔ ایک طرف خوشی ہے کہ چترال کے ہونہار سپوت عالمگیر نواز اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور اپنی ہمت کے بل بوتے پر موت کو شکست دے کر زندگی کی نئی سالگرہ منا رہے ہیں، اور دوسری طرف دل میں شدید دکھ اور بے چینی ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے عین وسط میں ان پر ہونے والے قاتلانہ حملے کو دو مہینے گزرنے کے باوجود انصاف تاحال خاموش دکھائی دیتا ہے۔ عالمگیر نواز، چترال کی معروف باوقار شخصیت عزیز نواز لال اور محترمہ شاد زریں صاحبہ کے فرزند ہیں۔ ان کا خاندان اپنی شرافت، ملنساری اور سماجی خدمات کے حوالے سے ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اسلام آباد کے جی نائن مرکز میں جس بے رحمی سے اس نہتے نوجوان کو نشانہ بنایا گیا، اس واقعے نے نہ صرف ایک خاندان بلکہ پورے چترال کو غم و تشویش میں مبتلا کر دیا۔
پمز ہسپتال میں آٹھ گھنٹے پر مشتمل طویل اور پیچیدہ آپریشن، اس کے بعد آئی سی یو کی نازک گھڑیاں، اور ان لمحات میں چترال اور گلگت بلتستان کے عوام کی بے مثال یکجہتی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری قوم ابھی بھی احساس اور انسانیت سے بھرپور ہے۔ ان تمام نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے خون کے عطیات دے کر ایک زندگی بچانے میں کردار ادا کیا، اور ان تمام احباب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو دعا بن کر ہسپتال کی راہداریوں میں موجود رہے۔
تاہم اس تمام صورتحال کے بعد ایک اہم سوال اسلام آباد کی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے کھڑا ہوتا ہے:
کیا "سیف سٹی" کہلانے والے دارالحکومت میں ایک نوجوان کی جان اتنی غیر محفوظ ہے؟ پنجاب کیش اینڈ کیری کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور کا چہرہ واضح ہونے کے باوجود ڈیڑھ ماہ گزرنے کے بعد بھی ملزم کی گرفتاری نہ ہونا تشویش ناک ہے۔ یہ تاخیر انصاف کے نظام پر سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
ہم وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور آئی جی اسلام آباد سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اگر دارالحکومت میں شہری خود کو محفوظ محسوس نہ کریں تو یہ ریاستی ذمہ داری پر ایک سنجیدہ سوال کھڑا کرتا ہے۔ عزیز نواز صاحب کا خاندان قانون اور صبر پر یقین رکھنے والا خاندان ہے، مگر انصاف میں تاخیر کسی بھی متاثرہ خاندان کے لیے اذیت کو مزید بڑھا دیتی ہے۔
عالمگیر بھائی! تمہاری زندگی کی یہ نئی صبح ہم سب کے لیے امید کی کرن ہے۔ تمہاری ہمت، تمہاری مسکراہٹ اور تمہاری زندگی ہم سب کے لیے خوشی اور حوصلے کا باعث ہے۔
تم سلامت رہو ہزار برس
ہر برس کے ہوں دن پچاس ہزار
پیر مختار نبی
چیئرمین،تحریک تحفظ حقوق چترال

29/03/2026

ثنا یوسف فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور تحریک تحفظِ حقوقِ چترال کے رہنما سید یوسف حسن شاہ کی قیادت میں فہیم قتل کیس کے حوالے سے سردار قدیر ایڈووکیٹ کی ویڈیو پیغام ۔ اس موقع پر تحریک تحفظِ چترالی کے ذمہ داران، سابق اے ڈی سی عبدالولی اور مقتول فہیم کے لواحقین بھی موجود تھے۔
شعبہ اطلاعات و نشریات
تحریک تحفظ حقوق چترال

چترال سے تعلق رکھنے والے نوجوان فہیم کے بہیمانہ قتل پر تحریک تحفظ حقوق چترال نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے ...
28/03/2026

چترال سے تعلق رکھنے والے نوجوان فہیم کے بہیمانہ قتل پر تحریک تحفظ حقوق چترال نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین پیر مختار نے گورننگ باڈی کے ارکان سے مشاورت کے بعد اہم فیصلہ کیا ہے۔

تحریک تحفظ حقوق چترال کے چیئرمین پیر مختار کا کہنا ہے کہ اگر فہیم قتل کیس میں نامزد ملزم کو 7 دن کے اندر گرفتار نہ کیا گیا تو تحریک تحفظ حقوق چترال کی جانب سے راولپنڈی پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک بے گناہ نوجوان کا قتل صرف ایک خاندان کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے، اور اس معاملے میں تاخیر انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ ہم متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

تحریک تحفظ حقوق چترال انصاف کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انصاف فہیم کا حق ہے اور ہم اس حق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔
شعبہ اطلاعات و نشریات
تحریک تحفظ حقوق چترال








Address

Deans Trade Centre Peshawar
Peshawar

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when تحریک تحفظ حقوق چترال posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Contact The Organization

Send a message to تحریک تحفظ حقوق چترال:

Share