04/12/2025
پریس ریلیز
جدہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان انویسٹرز فورم کی جانب سے قونصل جنرل پاکستان جدہ خالد مجید کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں کمیونٹی کی ممتاز سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بھرپور شرکت کی اور قونصل جنرل کی چھ سالہ خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر فورم کے منتخب صدر شفقت محمود اور جنرل سیکرٹری مہر عبدالخالق لک نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔عظیم جان خٹک کی سوئٹزرلینڈ سے خصوصی شرکت ۔
تقریب کے دوران مقررین نے قونصل جنرل خالد مجید کی پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات کو سنہری باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف قونصلر سروسز میں نمایاں بہتری پیدا کی بلکہ جیل کیسز، فلاحی سرگرمیوں اور نئے قونصل خانے کی تعمیر جیسے اہم معاملات میں بھی مثالی کردار ادا کیا۔ کشمیر کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سردار اقبال، مسعود پوری اور دیگر مقررین نے بھی قونصل جنرل کی انتھک کاوشوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
تقریب میں شرکت کرنے والوں میں ممتاز سماجی کارکن عظیم جان خٹک بھی شامل تھے، جنہوں نے کہا کہ قونصل جنرل خالد مجید کی کمیونٹی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ انہیں عزت اور احترام دیا، جو بلاشبہ ان کی شخصیت کا اعزاز ہے۔ عظیم جان خٹک کی تقریب میں شرکت کو شرکاء نے خوش آئند قرار دیا۔
قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کی محبت، تعاون اور دعاؤں پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر کامیابی ان کی پیشہ ور ٹیموں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تین مختلف ٹیموں کے ساتھ کام کیا اور ہر ٹیم نے اپنے فرائض احسن انداز میں انجام دیے۔
آخر میں ماسا اور اسکانکم کی جانب سے قونصل جنرل خالد مجید کو شاندار خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ شرکاء نے کھڑے ہو کر تالیاں بجا کر ان کی خدمات کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔