23/05/2026
مینگورہ میں منشیات کے خلاف ہزاروں افراد کی بھرپور شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سوات کے عوام اپنی سرزمین پر منشیات فروشوں کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔ اس عظیم اجتماع میں شریک تمام سیاسی جماعتوں، جرگہ مشران، فلاحی تنظیموں اور عوام الناس کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
یہ جلسہ نہ صرف عوامی شعور کی عکاسی تھا بلکہ حکومت اور انتظامیہ کے لیے ایک مضبوط اور واضح پیغام بھی ثابت ہوا۔ عوام نے اپنے اتحاد اور عزم سے یہ باور کرایا کہ سوات کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اب اگر صوبائی حکومت اور انتظامیہ عوامی مطالبات پر سنجیدگی سے عملدرآمد نہیں کرتی، تو جرگہ آئندہ کے لیے اپنا لائحہ عمل ترتیب دے گا۔
تاہم ایک اہم بات قابلِ غور ہے کہ منشیات مافیا اس کامیاب تحریک کو سبوتاژ کرنے کے لیے سرگرم ہو چکا ہے۔ وہ اصل مسئلے سے عوام کی توجہ ہٹا کر غیر ضروری تنازعات میں الجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کسی کو تقریر کا موقع ملنا یا نہ ملنا، یا بعض سیاسی نمائندوں خصوصاً تحصیل میئر کی جانب سے تقریر نہ ملنے پر ردِعمل ظاہر کرنا، اصل مسئلے کو متنازع بنانے اور توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ عوام کو چاہیے کہ ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں اور اصل مقصد یعنی منشیات کے خاتمے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔
ہم تمام منتخب نمائندوں اور ذمہ داران سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ منشیات فروشی کے خلاف اپنی حکومت، صوبائی اسمبلی اور وزیراعلیٰ کے سامنے سوات کے عوام کی حقیقی آواز بنیں اور اپنا قومی و سماجی فرض ادا کریں۔
ان شاء اللہ یہ قافلہ اسی عزم کے ساتھ جاری رہے گا، اور ہم سوات کو ہر قسم کی منشیات سے پاک کر کے دم لیں گے۔
ترجمان عرفان چٹان
قامی تڑون جرگہ بابوزئی سوات