05/08/2026
خدارا ناراض ہونے کے بجائے ان معصوم بچوں کے بارے میں سوچیں۔
میں جانتا ہوں کہ میری بعض باتیں کچھ لوگوں کو سخت لگتی ہیں، لیکن جب روزانہ تھیلیسیمیا میجر بچوں کی تکلیف اپنی آنکھوں سے دیکھتا ہوں تو خاموش رہنا میرے ضمیر کو گوارا نہیں۔
یہ بچے پہلے ہی خون کے ایک ایک بیگ کے لیے دربدر ہوتے ہیں۔ لیکن اس سے بھی زیادہ افسوس اس وقت ہوتا ہے جب خون ملنے کے بعد اسے گھر میں، ڈاکٹر یا تربیت یافتہ طبی عملے کی نگرانی کے بغیر لگا دیا جاتا ہے۔ یہ عمل انتہائی خطرناک ہے۔
اگر دورانِ ٹرانسفیوژن بلڈ ری ایکشن ہو جائے تو چند منٹوں میں بچے کی حالت تشویشناک ہو سکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں فوری طبی سہولیات ہی بچے کی جان بچا سکتی ہیں، جو گھر پر ممکن نہیں ہوتیں۔
اسی طرح غیر معیاری یا مناسب اسکریننگ کے بغیر خون کا استعمال بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔ صرف مستند بلڈ بینک سے مکمل اسکرین شدہ خون ہی استعمال کریں، اور خون کی منتقلی ہمیشہ ایسے ہسپتال یا ٹرانسفیوژن سینٹر میں کروائیں جہاں ڈاکٹر اور ایمرجنسی سہولیات موجود ہوں۔
یہ تنقید کسی فرد یا ادارے کے خلاف نہیں، بلکہ ہر اس معصوم بچے کی زندگی کے لیے ہے جو روزانہ خون کا محتاج ہے۔
آئیں، مل کر یہ عہد کریں کہ تھیلیسیمیا کے کسی بھی بچے کی جان کو غیر ضروری خطرے میں نہیں ڈالیں گے۔ محفوظ خون، محفوظ ٹرانسفیوژن اور بروقت طبی نگرانی ہی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
اللہ تعالیٰ تمام مریض بچوں کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے، والدین کو صبر و ہمت دے، اور ہم سب کو انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ 🤲❤️