15/05/2026
پریس ریلیز
پاکستان سائیکائٹرک سوسائٹی
15 مئی 2026
فاؤنٹین ہاؤس پشاور کی خصوصی حیثیت اور شناخت کو برقرار رکھا جائے، پاکستان سائیکائٹرک سوسائٹی
ذہنی صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے، پاکستان سائیکائٹرک سوسائٹی
نفسیاتی علاج اور بحالی کے اداروں کا تحفظ قومی ذمہ داری ہے، سوسائٹی
پشاور: پاکستان سائیکائٹرک سوسائٹی نے فاؤنٹین ہاؤس پشاور کی موجودہ حیثیت یا شناخت میں کسی بھی ممکنہ تبدیلی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مخالفت کی ہے۔ سوسائٹی کے مطابق فاؤنٹین ہاؤس ایک منفرد اور اہم ادارہ ہے جو کئی دہائیوں سے ذہنی امراض میں مبتلا افراد کو علاج، بحالی اور نفسیاتی معاونت فراہم کر رہا ہے۔
سوسائٹی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ذہنی صحت کی سہولیات پہلے ہی محدود ہیں، اس لیے ایسے اداروں کی مضبوطی اور خودمختاری کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کسی بھی غیر مناسب انتظامی یا ساختی تبدیلی سے مریضوں کی دیکھ بھال اور ذہنی صحت کی خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔
پاکستان سائیکائٹرک سوسائٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نفسیاتی اداروں کی قیادت اور انتظام ایسے ماہرین کے سپرد ہونا چاہیے جو ذہنی صحت کے شعبے میں تجربہ، مہارت اور عملی فہم رکھتے ہوں تاکہ مریضوں کے بہترین مفاد کو یقینی بنایا جا سکے۔
سوسائٹی نے حکومتِ خیبر پختونخوا اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فاؤنٹین ہاؤس پشاور کی پیشہ ورانہ شناخت، خدمات اور ادارہ جاتی خودمختاری کو برقرار رکھا جائے اور تمام فیصلے میرٹ، عوامی مفاد اور پیشہ ورانہ اصولوں کے مطابق کیے جائیں۔
پاکستان سائیکائٹرک سوسائٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ذہنی صحت کے شعبے کی بہتری، مریضوں کے حقوق کے تحفظ اور نفسیاتی خدمات کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی