20/08/2026
پریس ریلیز
20 اگست 2026
گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے میں آج میرپورخاص میں بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا گیا، جس میں ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور نرسز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے محکمۂ صحت کی نجکاری اور صحت کے اداروں کو بیوروکریسی کے حوالے کرنے کی پالیسی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر صحت کے شعبے میں مؤثر سیکیورٹی انتظامات، ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور نرسز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے، جنرل اور مینجمنٹ کیڈر کے سینئر و تجربہ کار ڈاکٹرز کو انتظامی عہدوں پر تعینات کرنے، جبکہ پیرامیڈکس کے سروس اسٹرکچر اور بروقت ترقیوں کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔
احتجاج کے دوران مختلف نمائندوں نے خطاب کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ مختلف ڈویژنز میں ہونے والے احتجاجی پروگراموں کے بعد اس تحریک کو مزید منظم اور تیز کیا جائے گا۔
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے کنوینر اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر ڈاکٹر روشن چانڈیو نے کہا کہ صحت کا شعبہ پہلے ہی بے شمار مسائل سے دوچار ہے، مگر حکومت ان مسائل کے حل کے بجائے صحت کے اداروں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے پر زور دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی انتظامی باگ ڈور بیوروکریسی کے حوالے کرنا قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس ڈاکٹرز، پیرامیڈکس، نرسز اور دیگر ہیلتھ کیئر ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
میڈیا ٹیم
گرینڈ ہیلتھ الائنس