29/09/2026
کراچی بچاؤ تحریک کی لیاقت آباد، محمدی کالونی میں اہم کارنر میٹنگ
کراچی: کراچی بچاؤ تحریک کی جانب سے لیاقت آباد کے علاقے محمدی کالونی میں ایک اہم کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں گجر نالہ اور لیاری ایکسپریس وے سے تین ہٹی کنیکٹیویٹی منصوبے سے متاثرہ رہائشیوں سمیت بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔
میٹنگ سے کراچی بچاؤ تحریک کے رہنماؤں عارف شاہ، مشتاق اعوان، محمد رضوان، سرور آویز اور دیگر نے خطاب کیا۔
رہنماؤں نے شرکاء کو متاثرین کے مسائل، قانونی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ ان کے مطابق گجر نالہ اور تین ہٹی منصوبے کے سلسلے میں مکانات کی مسماری کے خلاف کراچی بچاؤ تحریک نے عدلیہ سے رجوع کیا، جس کے نتیجے میں عدالت سے اسٹے آرڈر حاصل کیا گیا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کارنر میٹنگ کا بنیادی مقصد متاثرہ رہائشیوں میں آگاہی پیدا کرنا اور انہیں ان کے قانونی و بنیادی حقوق سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے، تاکہ کوئی بھی متاثرہ خاندان اپنے حق سے محروم نہ رہے۔
کراچی بچاؤ تحریک کے رہنماؤں نے کہا کہ متاثرین کے مطالبات، جن میں مناسب معاوضہ اور متبادل رہائش شامل ہیں، تسلیم نہ کیے گئے تو شہر کے مختلف مقامات پر پرامن احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
📍 محمدی کالونی، یوسی 7، لیاقت آباد — کراچی