24/09/2026
ہمارے ننھے بچوں اور نوجوانوں کا مستقبل
آج کی اس پوسٹ میں سب سے پہلے اپنے تمام محلے کے بھائیوں، بزرگوں اور تمام اہلِ محلہ کو سلام عرض کرتا ہوں۔
میں انتہائی افسوس کے ساتھ ایک اہم بات آپ سب کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ آج کے دور میں صرف تعلیم حاصل کرنا ہی کافی نہیں، بلکہ اچھے نمبرز، قابلیت، ہنر اور اپنے مستقبل کے لیے سنجیدگی بھی بہت ضروری ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو تعلیم کی طرف مائل کرنے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، خاص طور پر ہمارے Sargiab محلے کے بچوں کو۔
افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہماری نئی نسل کا ایک حصہ TikTok کی ویڈیوز، فضول چکروں اور غیر ضروری سرگرمیوں میں اپنا قیمتی وقت ضائع کر رہا ہے اور اپنے اصل مقصد سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ اس بات کا ذکر SWO کے صدر صاحب بھی کئی مرتبہ کر چکے ہیں اور آج میں بھی دوبارہ یہی بات کہہ رہا ہوں:
خدا کے لیے اپنے بچوں پر توجہ دیں، ان کی نگرانی کریں اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے کوشش کریں۔
اگر ہمارے آباؤ اجداد معاشی طور پر کمزور تھے یا زیادہ پڑھے لکھے نہیں تھے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم بھی اسی حالت میں رہیں۔ ہمیں تعلیم حاصل کر کے اپنی معاشی حالت بہتر بنانی ہے، اپنی زندگی بدلنی ہے اور اپنی قوم، علاقے اور ملک کے لیے کچھ کرنا ہے۔
میں یہ تحریر کسی کی دل آزاری یا تنقید کے لیے نہیں لکھ رہا، بلکہ صرف اس مقصد سے لکھ رہا ہوں کہ شاید ہمارے والدین اور شادی شدہ نوجوان بھائی بھی اس بات پر تھوڑا غور کریں۔
ہم سب دیکھ رہے ہیں کہ کس کا بچہ کیا کر رہا ہے اور کس فیلڈ میں جا رہا ہے۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ اگر ہم ایک دوسرے سے پوچھیں کہ فلاں کا بچہ نویں، دسویں یا انٹر میں اچھے نمبرز لے رہا ہے؟ کون واقعی اپنی پڑھائی میں سنجیدہ اور مصروف ہے؟ تو شاید ہمارے پاس زیادہ مثالیں نہ ہوں۔
اگر ضرورت پڑی تو ہم ایک ایک بچے کا اسکرین شاٹ بھی دکھا سکتے ہیں کہ آج کل کون کس طرح اپنا وقت گزار رہا ہے۔ مقصد کسی کو شرمندہ کرنا نہیں، بلکہ اپنے بچوں کو غلط راستے سے بچانا ہے۔
SWO تنظیم بنانے کا مقصد بھی یہی تھا کہ ہماری نوجوان نسل کو تعلیم، شعور اور اپنے مستقبل کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور انہیں غیر ضروری سرگرمیوں سے بچایا جائے۔
آج مجھے SWO کے ان نوجوانوں پر فخر ہے جنہوں نے مشکل حالات میں بھی اپنی تعلیم جاری رکھی، شہر جا کر مشکلات برداشت کیں اور اپنی تعلیم مکمل کی۔ کسی نے ماسٹرز کیا، کسی نے MPA، کسی نے گریجویشن کی۔ آج جو لوگ SWO کی تنظیم کو وقت دے رہے ہیں، ان میں تقریباً ہر شخص تعلیم یافتہ ہے۔ یہی تعلیم اور شعور ان کے اندر اپنی قوم اور اپنے علاقے کے لیے درد پیدا کرتا ہے۔
ضروری نہیں کہ کوئی بہت بڑے عہدے پر ہو۔ اگر ایک انسان اچھی سوچ کے ساتھ اپنے محلے اور قوم کے لیے ایک تنظیم بنائے، وقت دے، قربانی دے اور لوگوں کی خدمت کرے تو یہ بھی بہت بڑی بات ہے۔
ہم یہ تنظیم اس لیے بنا رہے تھے کیونکہ شاید ہمارے وقت میں اتنی سہولیات، رہنمائی اور صحیح گائیڈ کرنے والے لوگ موجود نہیں تھے۔ آج ہمارے پاس موقع ہے کہ ہم اپنی آنے والی نسل کو بہتر رہنمائی دیں۔
ایک بار پھر تمام والدین اور شادی شدہ نوجوان بھائیوں سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں اور نوجوانوں پر توجہ دیں۔ وقت ضائع نہ ہونے دیں، کیونکہ آج کا ضائع کیا ہوا وقت کل ہمارے بچوں کے مستقبل کو متاثر کر سکتا ہے۔
خدا کے لیے اپنے بچوں کو خراب نہ ہونے دیں۔
انہیں تعلیم دیں، وقت کی قدر سکھائیں، ہنر سکھائیں اور ایک بہتر مستقبل کی طرف لے کر جائیں۔
آج ہم نے اپنے بچوں کو سنبھال لیا تو کل ہماری نسل سنور جائے گی۔ 🤲
Sargiab Welfare Organization
Sargiab student's organization
Nojawana Ne Sargaib