21/08/2026
آج غاسنگ تا ہلال آباد اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن رجسٹرڈ کے نائب صدر سید ہادی کاظمی نے تنظیم کے ایک وفد کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ضلع کھرمنگ، محترم سر مبشر حسن صاحب سے ان کے دفتر میں تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران آئندہ ہفتوں میں غاسنگ تا ہلال آباد اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن رجسٹرڈ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے سالانہ انٹر سکول کوئز کمپیٹیشن اور سالانہ سائنس پراجیکٹس نمائش (Science Projects Exhibition) کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ میں علمی و تحقیقی رجحان کو فروغ دینے، مثبت مقابلے کی فضا قائم کرنے، تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور جدید تعلیمی سرگرمیوں کے انعقاد کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو ہوئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن محترم سر مبشر حسن صاحب نے تنظیم کی تعلیمی خدمات اور نوجوانوں کی فکری و تعلیمی ترقی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی اشتراک اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے ضلع کھرمنگ میں معیاری تعلیم، سائنسی سوچ اور صحت مند تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مستقبل میں مزید مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
غاسنگ تا ہلال آباد اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن رجسٹرڈ اس یقین کا اعادہ کرتی ہے کہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیمی مواقع، قائدانہ صلاحیتوں اور تحقیقی ماحول کی فراہمی ہی ایک روشن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے، اور تنظیم اسی مقصد کے حصول کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔
منجانب: غاسنگ تا ہلال اباد اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن رجسٹرڈ