25/07/2026
خیبر پختونخوا اسمبلی میں یوتھ سینیٹ آف پاکستان کی سنٹرل لیڈرشپ کی اہم ملاقات
یوتھ سینیٹ آف پاکستان کی مرکزی قیادت نے خیبر پختونخوا اسمبلی کا باضابطہ دورہ کیا، جہاں معزز رکنِ صوبائی اسمبلی محترمہ ایمن جلیل جان سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر جے یو آئی خیبر پختونخوا کے انفارمیشن سیکرٹری جناب عبدالجلیل جان اور معزز رکنِ صوبائی اسمبلی مدینہ گل بھی موجود تھی۔
ملاقات میں نوجوانوں کی قومی ترقی میں مؤثر شمولیت، بااختیار قیادت کی تیاری، تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع، عوامی نمائندوں اور نوجوانوں کے درمیان مؤثر روابط، اور مستقبل میں مشترکہ اقدامات کے مختلف پہلوؤں پر سنجیدہ اور نتیجہ خیز تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مرکزی قیادت نے اس موقع پر یوتھ سینیٹ آف پاکستان کے وژن، قومی سطح پر جاری اقدامات اور نوجوانوں کی مثبت نمائندگی کے لیے ادارے کے عزم سے بھی آگاہ کیا۔ اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی میں نوجوانوں کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، جس کے لیے مؤثر اشتراکِ عمل اور مضبوط ادارہ جاتی روابط ناگزیر ہیں۔
یوتھ سینیٹ آرگنائزیشن آف پاکستان نوجوانوں کی آواز کو قومی اداروں تک مؤثر انداز میں پہنچانے، قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ اور ایک ذمہ دار، باشعور اور بااختیار نسل کی تشکیل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔