30/06/2026
رابٹ پاور ہاؤس میں پانی کی فراہمی کے لیے تعمیر کیا گیا بند سیلابی ریلوں اور پانی کے تیز بہاؤ کے باعث ٹوٹ گیا ہے، جس کے نتیجے میں پورے علاقے کی بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
گرمیوں میں پانی کی زیادتی کے باعث عوام طویل عرصے تک بجلی سے محروم رہتی ہے، جبکہ سردیوں میں پانی کی کمی کی وجہ سے بھی بجلی کی پیداوار اور ترسیل شدید متاثر ہوتی ہے۔
محکمۂ برقیات کی عدم توجہی، نااہلی، ناقص منصوبہ بندی اور مبینہ کرپشن کے باعث بجلی کا نظام مسلسل درہم برہم رہتا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اوورسیئر، ایکسیئن اور محکمۂ برقیات کے اعلیٰ حکام خوابِ غفلت میں ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرتے دکھائی نہیں دیتے۔
مزید ، پاور ہاؤس اور واٹر چینل پر تعینات عملے کے درمیان مؤثر رابطے کا فقدان ہے۔ نہ تو باقاعدہ کمیونیکیشن سسٹم موجود ہے اور نہ ہی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی مؤثر انتظام، جس کی وجہ سے مسائل مزید سنگین ہو جاتے ہیں۔
صدر مہدی آباد (رابٹ) یوتھ آرگنائزیشن، علی مہدی زوار نے متعلقہ حکام کو متنبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ بصورتِ دیگر، مہدی آباد (رابٹ) یوتھ آرگنائزیشن محکمۂ برقیات کے نااہل اور مبینہ کرپٹ ذمہ داران کے خلاف سخت احتجاج اور مؤثر عوامی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
صدر مہدی آباد (رابٹ) یوتھ آرگنائزیشن
علی مہدی زوار