04/08/2026
تحریک تحفظِ حقوقِ چترال (TTHC) کی عوام سے اپیل
حالیہ دنوں سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ پر ایک غیر اخلاقی آڈیو مختلف دعوؤں کے ساتھ گردش کر رہی تھی جسے چترال کی ایک بیٹی سے منسوب کیا جا رہا تھا۔ اس معاملے پر عوام میں پائی جانے والی تشویش کے پیشِ نظر تحریک تحفظِ حقوقِ چترال (TTHC) کے بانی رہنما جناب شمس البی معاویہ صاحب نے متعلقہ خاتون سے براہِ راست ملاقات کی ان کا مؤقف سنا اور حقائق جاننے کی کوشش کی۔
اس ملاقات کا مقصد کسی فرد کے خلاف یا حق میں فیصلہ دینا نہیں بلکہ افواہوں، غیر مصدقہ معلومات اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبروں کی حقیقت جاننے کی کوشش کرنا تھا تاکہ عوام تک درست معلومات پہنچائی جا سکیں۔
تحریک تحفظِ حقوقِ چترال تمام عوام سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ کسی بھی آڈیو، ویڈیو تصویر یا خبر کو بغیر تحقیق اور تصدیق کے آگے شیئر نہ کریں۔ غیر مصدقہ مواد پھیلانے سے نہ صرف افراد کی عزتِ نفس متاثر ہوتی ہے بلکہ پورے معاشرے میں بے چینی، بداعتمادی اور اخلاقی نقصان بھی پیدا ہوتا ہے۔
ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام ہمیں تحقیق کے بغیر کسی خبر کو آگے پھیلانے سے روکتا ہے، جبکہ ہماری تہذیب، ثقافت اور روایات بھی دوسروں کی عزت، پردہ پوشی اور احترام کا درس دیتی ہیں۔
تحریک تحفظِ حقوقِ چترال (TTHC) تمام شہریوں سے گزارش کرتی ہے کہ سوشل میڈیا کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں، افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند اور تصدیق شدہ معلومات پر اعتماد کریں۔
آئیے! مل کر ایک باشعور، ذمہ دار اور باوقار معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
شعبہ اطلاعات و نشریات
تحریک تحفظِ حقوقِ چترال