04/02/2026
نماٸندہ خصوصی ۔۔۔صدر ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان، جاوید عباسی نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا حالیہ شدید برفباری کے باعث گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع خصوصاً گانچھے، کھرمنگ، استور، ضلع غذر کے بالائی علاقے، پھنڈر، یاسین، سست (ہنزہ) اور نگر کے تمام دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں سڑکیں شدید متاثر ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے عوام الناس کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش کے باعث روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے جبکہ مریضوں، مسافروں اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں بھی شدید رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔ جاوید عباسی نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ورکس فوری طور پر بھاری مشینری استعمال کرتے ہوئے برف ہٹانے کا عمل مکمل کرے اور متاثرہ سڑکوں کو عوام کے لیے کھولا جائے تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن عوام کی سہولت کے لیے ہر ممکن تعاون کو تیار ہے، تاہم سڑکوں کی بروقت بحالی انتہائی ناگزیر ہے۔ آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔