04/04/2026
باغ: مختلف فلاحی تنظیموں کے نمائندگان کا اہم مشاورتی اجلاس
آزاد کشمیر کے روسٹ ہوٹل اور ریسٹورنٹ میں صدر AJKPAP چیف جسٹس (ر) اظہر سلیم بابر کی زیرِ صدارت این جی اوز کا ایک اہم اور بامقصد اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد موجودہ دور کے چیلنجز کے پیشِ نظر سماجی تنظیموں کے کردار کو مؤثر بنانا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
اس اجلاس میں المصطفیٰ ٹرسٹ کی جانب سے کرنل (ر) حیات صاحب، المجتبیٰ ٹرسٹ سے کرنل احسن جہانگیر صاحب اور میئر باغ میجر قیوم بیگ صاحب نے خصوصی شرکت کی۔ علاوہ ازیں صدر الخدمت فاؤنڈیشن سردار مقصود صاحب، ریجنل مینیجر ریڈ فاؤنڈیشن سید ظہیر گردیزی، اے ای او (ر) محمد حنیف ثاقب، اظہر سخاوت (باغبان ویلفیئر)، محمد اعجاز (العدل ویلفیئر)، صیف الرحمن (انڈر اسٹینڈ قرآن گلوبل)، مطیع الرحمن، سردار آصف سدوزئی (الجزاء ویلفیئر)، نذیر اکبر اعوان، آصف بیگ صاحب، رئیس مصطفیٰ اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کی میزبانی کے فرائض صدر ڈی سی سی (DCC) عاطف نعیم اور محمد فصیح حیدر نے نہایت احسن انداز میں انجام دیے اور تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں المجتبیٰ ٹرسٹ سے کرنل احسن جہانگیر صاحب نے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs)، انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) اور عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق سماجی تنظیموں کے بدلتے ہوئے کردار پر جامع اور تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید دور میں ترقی کے لیے آئی ٹی کا استعمال ناگزیر ہے اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے مختلف عملی تجاویز بھی پیش کیں کہ کس طرح نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے جوڑ کر روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
دیگر نمائندگان نے بھی اپنے اپنے اداروں کے تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں اہم نکات پیش کیے، جن میں باہمی روابط کو مضبوط بنانے، وسائل کے مؤثر استعمال اور فلاحی سرگرمیوں کو مربوط انداز میں آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مختلف این جی اوز کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کے ذریعے زیادہ مؤثر اور دیرپا نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
آخر میں صدرِ تقریب صدر AJKPAP جسٹس (ر) اظہر سلیم بابر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ این جی اوز کوآرڈینیشن کے پلیٹ فارم کو فعال بنایا جائے گا تاکہ مشترکہ کاوشوں کے ذریعے سماجی مسائل کا مؤثر حل نکالنا ممکن ہو سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس اہم ایجنڈے پر عملی پیش رفت کو یقینی بنایا جائے اور آئندہ بھی ایسے اجلاسوں کا انعقاد جاری رکھا جائے تاکہ تعاون اور ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔