12/01/2026
ایبٹ آباد ( ) کاغانین اولڈ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن ایگزیکٹو باڈی اجلاس، کامیاب ری یونین انعقاد پر اظہار اطمینان، آئندہ پروگرامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ گزشتہ روز گورنمنٹ کالج ایبٹ آباد کے سابق طلبہ پر مبنی تنظیم اولڈ کاغانین کا سنٹرل ایگزیکٹو باڈی اجلاس صدر ونگ کمانڈر ایاز خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں سینئر نائب صدر نذیر احمد اعوان، نائب صدر انیقہ انور شاہ، پروفیسر ممتاز حیدر، پرنسپل ڈاکٹر محمد آفٖتاب، پروفیسر شرافت خان، ڈاکٹر عادل سعید قریشی، خالد سعید اعوان اور پریس سیکرٹری مدنی اعجاز جدون نے شرکت کی۔ اجلاس شرکاء نے نویں ری یونین انعقاد اور اس میں پیش کیے گئے پروگرامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کالج طلباء و طالبات کیلئے کیریئر کونسلنگ سمیت امدادی اقدامات میں اضافے کا عندیہ دیا۔ اس دوران کابینہ کی مدت اور ری یونین کے دورانیہ کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں کالج سے فارغ التحصیل امتیاز محمد خان کی جانب سے سامنے آنے والی تجویز پر گفت و شنید کے بعد بیرون ملک کاغانینز کے ساتھ زوم میٹنگ پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس شرکاء نے سالِ نو کے دوران قومی دنوں کی مناسبت سے پروگرامات انعقاد پر بھی مثبت تجاویز پیش کیں۔ پروفیسر ممتاز حیدر نے گزشتہ برس اخراجات کا مختصر گوشوارہ پیش کیا۔ اس موقع پر طے پایا کہ تمام ممبران امدادی فنڈ میں ماہانہ بنیادوں پر کم از کم دو سو روپے اعانت کریں گے جس سے نادار طلبہ کے ساتھ ساتھ ضرورت مند شہریوں کی امداد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔