22/03/2026
کوریا میں پاکستان ہاؤس کے زیر اہتمام سفیرِ پاکستان کی جانب سے ایک شاندار اور پرتکلف عید ملن پارٹی کا انعقاد 22 مارچ بروز اتوار کو سفیرِ پاکستان کی رہائش گاہ پر کیا گیا۔ اس پروقار تقریب میں کوریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے اتحاد، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کا خوبصورت مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کوریا کے وفد نے سرپرستِ اعلیٰ جناب عبدالجبار بیگ صاحب کی قیادت میں شرکت کی۔ وفد میں وائس چیئرمین رشید گجر، جنرل سیکرٹری محمد عالم خان، ویلفیئر ونگ کے سربراہ شہزاد خان، سینیئر ممبران محمد طارق خان اور حاجی عباس کے علاوہ کینگجو کے صدر عابد محمد اور نبیل انجم بھی شامل تھے۔ ان معزز شخصیات کی شرکت نے تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔
عید ملن پارٹی میں پاکستان بزنس ایسوسی ایشن، پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن اور پاکستان کا مثبت اور نرم تاثر اجاگر کرنے کے لیے کام کرنے والی مختلف تنظیموں اور افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر نہ صرف عید کی خوشیوں کو ایک ساتھ منایا گیا بلکہ باہمی روابط کو فروغ دینے اور کمیونٹی کے مسائل و مواقع پر تبادلۂ خیال کا بھی بہترین موقع فراہم ہوا۔
مہمانوں کی تواضع کے لیے پاکستانی روایتی اور لذیذ کھانوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جنہیں شرکاء نے بے حد پسند کیا۔ تقریب کے دوران ایمبیسی میں تعینات کمیونٹی ویلفیئر اتاشی، کمرشل کونسلر اور ڈیفنس اتاشی نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
یہ تقریب نہ صرف عید کی خوشیوں کو بانٹنے کا ذریعہ بنی بلکہ کوریا میں مقیم پاکستانیوں کے درمیان اتحاد، محبت اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ایسے پروگرامز بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں نہایت مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔